ہیری بروک کی طوفانی سینچری، انگلینڈ نے سری لنکا کو 119 رنز سے ہرا دیا

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں 119 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

میزبان ٹیم کی کامیابی میں کپتان ہیری بروک اور جارح مزاج اوپنر جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ نوجوان فاسٹ بولر سونی بیکر نے گیند سے متاثر کن کارکردگی دکھائی۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے 255 رنز کا ہدف دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلہ: انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے دی

جواب میں سری لنکن ٹیم انگلش بولنگ کے سامنے ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں صرف 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم انگلش بلے بازوں نے فیصلہ کن انداز میں جواب دیا۔

ڈیبیو کرنے والے اینیورین ڈونلڈ نے چوتھی گیند پر چھکا لگا کر اننگز کا آغاز کیا، تاہم وہ صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ہیری بروک اور جوز بٹلر نے 128 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کرکے سری لنکن باؤلنگ کو بے بس کردیا۔

انگلینڈ نے پاور پلے میں 90 رنز بنائے، جو ٹی20 کرکٹ میں اس کا دوسرا سب سے بڑا پاور پلے اسکور ہے۔

بٹلر نے 29 گیندوں پر نصف سینچری مکمل کی، جبکہ بروک نے صرف 20 گیندوں پر ففٹی بنائی۔

مزید پڑھیں: کیون پیٹرسن کی انگلینڈ وائٹ بال کوچنگ اسٹاف میں واپسی: بطور ‘اسپیشل مینٹور’ تقرری کا اعلان

بٹلر 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد بروک نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔

ہیری بروک نے صرف 42 گیندوں پر سینچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 49 گیندوں پر ناقابل شکست 114 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ان کی دوسری سینچری اور اس فارمیٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور ہے۔

255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی شروعات انتہائی خراب رہی اور پاور پلے کے اختتام تک اس کی 3 اہم وکٹیں صرف 32 رنز پر گر چکی تھیں۔

پاتھم نسانکا، کمیندو مشارا اور لہارو اودارا زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، 10 اوورز کے اختتام پر سری لنکا کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز تھا۔

سونی بیکر نے اپنے ہوم گراؤنڈ ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹی20 میچ میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 12 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن کیا ہے؟

اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف مسلسل 13 ویں ٹی20 انٹرنیشنل کامیابی حاصل کرلی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے ہیری بروک نے ٹیم کی کارکردگی کو تقریباً مکمل قرار دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ جمعرات کو کارڈف میں کھیلا جائے گا، جس میں انگلینڈ سیریز اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp