اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات، تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استنبول میں آر فور وزارتی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تزویراتی شراکت داری اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون اور ہر سطح پر باقاعدہ مشاورت کے ذریعے تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ دفاعی اتحاد نے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp