پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والا شخص گرفتار، وزیراعلیٰ پنجاب نے گرفتاری کی ویڈیو شیئر کردی

جمعہ 23 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی ان مغرور افراد کے لیے واضح پیغام ہے جو دولت اور طاقت کے نشے میں غریبوں کو کمتر سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: مزنگ روڈ پر اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد، ملزم گرفتار، واقعہ کی تفصیل سامنے آگئی

مریم نواز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں پولیس کی حراست میں موجود شخص کو پیٹرول پمپ ملازم کو زور دار تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دولت اور اثر و رسوخ کی بدولت وہ قانون سے بالاتر ہیں اور کسی بھی عمل کے بعد سزا سے بچ سکتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب مظلوم افراد کے ساتھ کھڑی ہیں، چاہے ان پر ظلم کرنے والا کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ دولت، اثر و رسوخ اور سیاسی تعلقات کسی کو بھی قانون کے سامنے جواب دہ ہونے سے نہیں بچا سکتے۔ انصاف صرف امیر اور طاقتور طبقے کا حق نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں زیرحراست ملزم کو چھڑانے کے لیے پولیس پر حملہ، لائبہ اعجاز کیس کا مرکزی ملزم ہلاک

مریم نواز نے واضح کیا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں اور کسی مظلوم کو اس لیے تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا کہ اس کے مقابلے میں کھڑا شخص زیادہ طاقتور ہے۔ ان کے مطابق مظلوم کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور کسی کو بھی دولت یا طاقت کے بل پر قانون سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp