بلوچستان حکومت نے نوجوانوں کو فنی مہارتیں سکھانے، بے روزگاری میں کمی اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:دہشتگردی کے خلاف جنگ، بلوچستان حکومت کی کارکردگی کیا رہی؟
پروگرام کے تحت نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو جدید صنعت کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ ملازمت حاصل کرنے کے ساتھ اپنا کاروبار بھی شروع کر سکیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت 240 سے زائد طالبات حسن و آرائش، ہاتھ کی کڑھائی اور دیگر ہنر سیکھ رہی ہیں۔ تربیت میں عملی مہارتوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کورس مکمل کرنے کے بعد طالبات روزگار حاصل کر سکیں یا اپنے چھوٹے کاروبار قائم کر سکیں۔
مزید پڑھیں:بلوچستان حکومت کی یقین دہانی پر کسان اتحاد کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ملتوی
بلوچستان حکومت نے اس پروگرام کے تحت کوئٹہ میں 720 سے زائد نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانا، خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔









