امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ناروے کے خلاف اپنی سخت بیان بازی میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے ملک کو ’گھٹیا ملک‘ قرار دے دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو ریاست مشی گن کے شہر پورٹ ہورون میں ایک سیاسی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناروے کے تارکینِ وطن کو امریکا میں خوش آمدید نہیں کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بعض ممالک کے تارکینِ وطن کو امریکا میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں، تاہم ناروے کے شہریوں کے لیے ایسا نہیں کریں گے کیونکہ انہیں نوبیل امن انعام نہیں دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ناروے کو نہیں بھولیں گے‘، نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ٹرمپ کی دھمکی آمیز تنقید
’میں ناروے سے کسی کو نہیں چاہتا کیونکہ مجھے نوبیل انعام نہیں ملا، ناروے اب ایک گھٹیا ملک بن چکا ہے۔‘
امریکی صدر نے اس سے قبل ہیٹی، لیبیا، صومالیہ اور یمن کے لیے بھی اسی نوعیت کی توہین آمیز اصطلاح استعمال کی تھی۔
ٹرمپ کی یہ گفتگو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا میں آئندہ ہفتے وسط مدتی انتخابات ہونے والے ہیں اور صدر انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔
Trump on Nobel Prize: Frankly Norway sucks, Norway has become a shithouse country actually pic.twitter.com/OKnTRULQrP
— Lavy (@Lavy02) October 25, 2026
انہوں نے فرانس میں حالیہ بدامنی کا ذمہ دار بھی تارکینِ وطن کو قرار دیتے ہوئے امیگریشن پالیسی پر اپنے سخت مؤقف کا اعادہ کیا۔
تاہم، ٹرمپ کے بیان سے یہ اشارہ نہیں ملا کہ امریکی انتظامیہ ناروے کے شہریوں کی امریکا آمد کے حوالے سے کسی نئی سرکاری پالیسی پر عمل درآمد کا ارادہ رکھتی ہے۔
نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ٹرمپ اس سے قبل بھی ناروے کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں، رواں ماہ کے آغاز میں انہوں نے انعام نہ دیے جانے کو ناروے کے لیے ایک ’انمٹ داغ‘ قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: نوبیل امن انعام کا مستحق ہوں لیکن ملنے کا یقین نہیں، ٹرمپ
واضح رہے کہ نوبیل امن انعام کا فیصلہ ناروے کی نوبیل کمیٹی کرتی ہے، جس کا صدر دفتر دارالحکومت اوسلو میں واقع ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے انعام نہ ملنے پر ناروے کے خلاف بیان بازی کے باوجود انعام کے فیصلے اور ناروے کی حکومت کے درمیان تعلق کے حوالے سے کوئی نئی سرکاری پالیسی سامنے نہیں آئی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اعدادوشمار کے مطابق ناروے فی کس مجموعی ملکی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کے زیادہ آمدنی والے ممالک میں شامل ہے۔











