وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سفارش کا دور ختم ہوچکا ہے، ہونہار اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ مکمل طور پر میرٹ پر دیے گئے ہیں، کسی صاحبِ حیثیت شخص کو مستحق افراد کا حق چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ظالم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔
یونیورسٹی آف رسول منڈی بہاؤالدین میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ طلبا کی محبت ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ اس والہانہ محبت کا قرض کسی صورت ادا نہیں کر سکتیں۔ ایک کروڑ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ بھی طلبا کی محبت کا صلہ نہیں ہو سکتے۔
مجرموں کے لیے میرا ایک پیغام ہے، یہ عوام کی حکومت ہے۔ آپ سے ہاتھ جوڑ کر التماس ہے کہ جرم کی دنیا چھوڑ دو، ورنہ مجھ سے کوئی شکوہ نہ کرنا۔یہ جرم کر کے اگلے دن ضمانت لے کر باہر آ جاتے ہیں۔ میں چیف جسٹس صاحبہ سے ضرور یہ درخواست کروں گی کہ کم از کم ان کو اتنی تو سزا دیں کہ وہ کل باہر نکلتے ہی سینہ چوڑا کرکے جرم نہ کریں۔ اتنی سزا دیں کہ وہ جیل سے نکلنے کے بعد جرم کرنے سے پہلے سوچیں کہ انہیں جرم کرنے کی سزا ملے گی۔ اس حوالے سے مجھے چیف جسٹس پاکستان یا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے ملنا پڑا تو ضرور ملوں گی۔ مریم نواز
— WE News (@WENewsPk) October 27, 2026
انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ ہونہار طلبا کا حق تھا جو انہیں مل گیا ہے۔ طلبا کا جذبہ اور جوش دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ملک دن بدن ترقی کرتا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ جن بچوں کے والدین ان سے خوش اور راضی ہوں، انہیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی طالب علم خود کو تنہا نہ سمجھے۔
’منڈی بہاؤالدین میں میڈیکل کالج کا افتتاح، تعلیمی اداروں کے لیے اربوں روپے‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں نئے انفراسٹرکچر اور تعلیمی بلاکس کی تعمیر کے لیے اربوں روپے کے فنڈز خرچ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سفارش کا زمانہ گزر چکا ہے اور ہونہار اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ نہیں چاہتیں کہ کوئی صاحبِ حیثیت شخص اپنے پیسے یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر کسی مستحق کا حق حاصل کرلے۔
مریم نواز نے بتایا کہ صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ اپنا گھر اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے منڈی بہاؤالدین میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی سڑکیں اور بسیں دیکھ کر انہیں محسوس ہی نہیں ہوا کہ وہ منڈی بہاؤالدین آئی ہیں۔
’نومبر سے طالبات کو پنک اور طلبا کو بلیک بائیکس دینے کا اعلان‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبا کے لیے ایک اور اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نومبر سے طالب علموں میں پنک اور بلیک موٹرسائیکلیں تقسیم کی جائیں گی۔
ان کے مطابق طالبات کو پنک جبکہ طلبا کو بلیک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
کسی غریب کی عزت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ
تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے صوبے میں قانون کی عملداری اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ریاست ان افراد کو بھی تنہا نہیں چھوڑے گی جن کی حمایت یا آواز اٹھانے والا کوئی نہیں۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر ان کے ساتھ کوئی زیادتی یا ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو اسے ضرور رپورٹ کریں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
انہوں نے راستہ نہ دینے پر ایک لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود متاثرہ لڑکی سے رابطہ کیا تھا۔
مریم نواز نے بتایا کہ اس معاملے پر انہیں کہا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ بن سکتا ہے، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ کسی غریب کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب ان کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، اس وقت بھی ان کے خلاف مقدمات بنائے گئے تھے، اس لیے وہ ایسے معاملات سے خوفزدہ نہیں ہوتیں۔
’جرائم پیشہ افراد جرم چھوڑ دیں، ورنہ شکوہ نہ کریں‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے جرائم پیشہ عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جرائم کی دنیا چھوڑ دیں، بصورتِ دیگر بعد میں کسی کارروائی پر شکوہ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ امیر کے منہ پر غریب کا تھپڑ اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔ حکومت خوفزدہ ہو کر نہیں چلائی جا سکتی اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ کسی بھی مظلوم کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور ظلم کرنے والا شخص خواہ کتنا ہی طاقتور اور بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔











