کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم میں واپسی کا امکان، ابتدائی اسکواڈ میں شامل

منگل 27 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی اگلے ماہ نیشنز لیگ کے میچز کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کا امکان روشن ہوگیا ہے، انہیں ابتدائی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ 30 روزہ معطلی بھی رواں ہفتے ختم ہوجائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ رونالڈو 30 ستمبر کو نیشنز لیگ کے ابتدائی کوالیفائنگ میچز کے دوران پرتگال کے تربیتی کیمپ سے اچانک چلے گئے تھے، جس کے بعد ان کے اور کوچ جارج جیسس کے درمیان اختلافات سامنے آئے۔ رونالڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ کوچ نے ناروے کے خلاف میچ میں انہیں کھیلنے کا وقت دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو پر ایک ماہ کی پابندی، جرمانہ بھی عائد، وجہ کیا بنی؟

پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رونالڈو کو آئندہ ماہ کے میچز سے قبل قومی ٹیم میں واپسی کے لیے زیر غور کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ پرتگال نے 14 نومبر کو ڈنمارک کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر جبکہ 17 نومبر کو ویلز کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔ کوچ جارج جیسس 6 نومبر کو حتمی اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔

پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے گزشتہ ہفتے رونالڈو کو ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر 30 روز کی معطلی کی سزا سنائی تھی، تاہم سزا کا اطلاق ماضی سے کیے جانے کے باعث وہ رواں ہفتے کے اختتام تک دوبارہ کھیلنے کے اہل ہوجائیں گے۔ رونالڈو نے اکتوبر کے آغاز میں شائقین سے معافی بھی مانگی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنی سزا قبول کریں گے۔

رونالڈو نے ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف میں کہا تھا کہ وہ بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔ ان کے مطابق کوچ کے ساتھ اختلافات کی ایک وجہ ڈنمارک کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ان نکات کا ذکر نہ کرنا بھی تھا جن پر دونوں کے درمیان اتفاق ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’مجھ سے بہتر کوئی نہیں‘، کرسٹیانو رونالڈو کے دعوے نے نئی بحث چھیڑ دی

پرتگال نے رونالڈو کے بغیر کھیلے گئے 3 میچز سمیت نیشنز لیگ کے اپنے ابتدائی چاروں میچز جیت کر دو میچز باقی رہتے ہی کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔

5 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2003 میں 18 سال کی عمر میں پرتگال کی جانب سے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا اور کہا ہے کہ رواں سال ممکنہ طور پر ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp