روبن آبزرویٹری نے پلوٹو سے آگے نیا بڑا بونا سیارہ دریافت کرلیا

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہرینِ فلکیات نے نظامِ شمسی کے دور دراز حصے میں ایک نئے ممکنہ بونے سیارے کی نشاندہی کی ہے، جسے 2026 ای ڈی 138 کا نام دیا گیا ہے۔ ابتدائی تجزیوں کے مطابق یہ جسم حجم اور چمک کے لحاظ سے اس خطے میں اب تک دریافت ہونے والے بڑے بونے سیاروں میں شامل ہوسکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دریافت ویرا سی روبن آبزرویٹری سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی مدد سے کی گئی۔ یہ جرمِ فلکی پلوٹو سے بھی کہیں آگے مدار میں گردش کرتا ہے اور اس کی موجودگی پہلے آسمانی سروے میں سامنے نہیں آسکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ناسا کی ڈارک میٹر ویب سیمولیشن نے کائنات کا پوشیدہ جال بے نقاب کر دیا

رپورٹ کے مطابق ٹیم کے رکن میتھیو ہولمین نے 4 مارچ سے 11 جولائی 2026 کے دوران جمع کیے گئے مشاہداتی اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے اس جرمِ فلکی کی نشاندہی کی۔ یہ ملکی وے کہکشاں کے ستاروں سے بھرے حصے میں موجود تھا، جس کے باعث اس کی شناخت مشکل رہی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Friends of NASA (@friendsofnasa)

روبن آبزرویٹری کی وسیع پیمانے پر آسمان کا جائزہ لینے کی صلاحیت اور جدید نظام کی مدد سے سائنس دان اس جسم کی مدھم حرکت کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوئے۔

ماہرین کے ابتدائی اندازوں کے مطابق 2026 ای ڈی 138 کا قطر 600 سے 1,500 کلومیٹر کے درمیان ہوسکتا ہے۔ اس حجم کے برفیلے اجرام میں عموماً اپنی کششِ ثقل کے باعث تقریباً گول شکل اختیار کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، جو کسی جرمِ فلکی کو باضابطہ طور پر بونا سیارہ قرار دینے کے لیے ضروری شرائط میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی ماہرین فلکیات نے 3 ستاروں پر مشتمل منفرد نظام دریافت کرلیا

اس دریافت کا باضابطہ اعلان بین الاقوامی فلکیاتی یونین کے مرکز برائے چھوٹے سیاروں نے کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق مزید مشاہدات کے ذریعے اگر اس کی شکل اور کمیت کی تصدیق ہوگئی تو 2026 ای ڈی 138 کو باضابطہ طور پر تسلیم شدہ بونے سیاروں کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس فہرست میں پلوٹو، ایریس، ہاؤمیا، ماکی ماکی اور سیرس شامل ہیں۔

روبن آبزرویٹری اپنے 10 سالہ منصوبے کے تحت نظامِ شمسی اور کائنات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ ماہرین کو توقع ہے کہ اس منصوبے کے دوران مزید اہم اجرامِ فلکی دریافت ہوں گے، جن سے نظامِ شمسی کے دور دراز علاقوں کے بارے میں سائنسی معلومات میں اضافہ ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp