بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کھانے کے ساتھ اضافی چنے مانگنے پر ہونے والا معمولی تنازع جان لیوا ثابت ہوا جہاں ایک فوڈ وینڈر کے مبینہ چاقو کے حملے میں 35 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ دہلی کے علاقے نہال وہار میں پیش آیا، جہاں چنے بھٹورے فروخت کرنے والے دکاندار سے تلخ کلامی کے دوران شہری پر چاقو سے متعدد وار کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ٹک ٹاک استعمال کرنے پر بھائی کے ہاتھوں 2 بہنیں قتل
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کی شناخت سندیپ کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھا۔ وہ ایک ریڑھی پر چنے بھٹورے کھانے پہنچا تھا۔ کھانا لینے کے کچھ دیر بعد اس نے اضافی چنے مانگے تاہم دکاندار کی جانب سے انکار پر دونوں کے درمیان بحث شروع ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق تلخ کلامی کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اپنی ریڑھی سے چاقو اٹھایا اور سندیپ کے پیٹ میں تین سے چار وار کر دیے۔ حملے میں اس کے ہاتھ پر بھی زخم آئے۔
یہ بھی پڑھیں: محبت، سازش اور چاقو کے وار، بیوی اور جم ٹرینر شوہر کے قتل کے الزام میں گرفتار
زخمی سندیپ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے اہل خانہ نے واقعے کی شکایت درج کرائی، جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی حاصل کیے گئے۔
پولیس نے ملزم چنتو گپتا کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ سندیپ کی موت کے بعد مقدمے میں بی این ایس کی دفعہ 103(1) کے تحت قتل کی دفعہ بھی شامل کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق سندیپ اپنے والدین، اہلیہ اور دو بچوں کو سوگوار چھوڑ گیا ہے جن کی عمریں تقریباً 4 اور 10 سال بتائی گئی ہیں۔











