ہانگ کانگ سُپر سکسز: متحدہ عرب امارات نے آخری گیند پر پاکستان کو ہرا دیا

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہانگ کانگ انٹرنیشنل سُپر سکسز ٹورنامنٹ کے گروپ سی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن پاکستان کو 1 وکٹ سے شکست دے دی۔ مونگ کوک میں کھیلے گئے اس میچ میں یو اے ای نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 107 رنز کا ہدف آخری گیند پر چھکا لگا کر حاصل کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ اور عباس آفریدی کی ففٹی

پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 6 اوورز میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے محض 13 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 8 چھکے اور 1 چوکا شامل تھا۔ وہ ضابطے کے تحت ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ عبدالصمد نے 15 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اوپنر خواجہ نافع 3 اور عرفان خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعد مسعود 1 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ یو اے ای کی جانب سے محمد فاروق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یو اے ای کی جوابی کارروائی اور خالد شاہ کی دھماکے دار اننگز

ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی پہلی وکٹ جلد گر گئی جب انش ٹنڈن صرف 1 رن بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔ محمد ذوہیب 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ معروف مرچنٹ اور محمد فاروق ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر یو اے ای کے کپتان خالد شاہ نے میچ کا پاسا پلٹ دیا اور پاکستانی بولرز پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر 71 رنز بنا ڈالے، جس میں 9 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ خالد شاہ کے آؤٹ ہونے کے بعد زاہد علی نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور آخری گیند پر چھکا جڑ کر اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔

پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی، عبدالصمد اور عرفان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یو اے ای کے کپتان خالد شاہ کو ان کی شاندار میچ وننگ اننگز پر ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان 2025 میں کویت کو ہرا کر اس ایونٹ کا چیمپئن بنا تھا اور اب وہ اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں کل 12 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp