بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں مسافر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 6 افراد سوار

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں جمعہ کے روز بدری ناتھ سے دہرادون جانے والا ایک ہیلی کاپٹر جوشی مٹھ کے نزدیک واقع گاؤں ‘چائیں’ کے پاس گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر ‘ٹرانس بھارت ایوی ایشن’ کا تھا، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-HCX ہے۔

ہیلی کاپٹر نے جمعہ کو دوپہر 1:14 بجے بدری ناتھ سے اڑان بھری تھی، جس کے کچھ ہی دیر بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔

ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ فضائی نگرانی کے دوران جوشی مٹھ میں چائیں گاؤں کے قریب دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ چمولی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں 5 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھے۔

یہ بھی پڑھیے بھارتی ایئرفورس کا ایک اور لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ ہلاک

ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس  کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر مشترکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا ’میں خود اس پورے واقعے کی مسلسل نگرانی کر رہا ہوں۔ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے فوری طور پر ایئر لفٹ کر کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔‘

دوسری جانب جوشی مٹھ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے بتایا کہ انتظامیہ حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کا قوی خدشہ ہے۔ فوج، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ رہی ہیں۔

چمولی کے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نند کشور جوشی کے مطابق رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ جے پی ڈیم کے اوپر جنگلاتی علاقے میں ایک سفید رنگ کی چیز کو جلتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ لاپتہ ہونے والا ہیلی کاپٹر ہی ہو سکتا ہے۔ فضائی نگرانی اور سرچ آپریشن کے لیے مزید ہیلی کاپٹر بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق طیارے کا آخری بار رابطہ جوشی مٹھ کے سامنے ‘ہاتھی پہاڑ’ پر واقع آرمی پوسٹ کے قریب ہوا تھا۔ چمولی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گوراو کمار نے بتایا کہ جیسے ہی انتظامیہ کو حادثے کی اطلاع ملی، فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہیلی کاپٹر آپریٹر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیے بھارتی فضائیہ کے ’اڑتے تابوت‘، 30  سال میں 534 طیارے تباہ، 152 پائلٹس ہلاک

اتراکھنڈ سول ایوی ایشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ کیپٹن ہمانشو اور 5 مسافر شامل ہیں، جن کی شناخت پرتاپا، ارون، شنکر گوڈا، سدھیر کے، اور ایچ ایس نٹراجا کے ناموں سے ہوئی ہے۔

علاقے میں مسلسل بارش اور کم بادلوں (دھند) کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہے، جس کی وجہ سے سرچ آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی موجودہ حالت اور حادثے کی حتمی تفصیلات کا تاحال انتظار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp