عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو پی آئی سی اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔ انہیں طبیعت خراب ہونے اور بلڈ پریشر بڑھنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان 3 ایم پی او کے تحت گرفتار

ذرائع کے مطابق نورین نیازی کو دل میں تکلیف اور بلڈ پریشر بڑھنے کے باعث 28 اکتوبر کی شام کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی لایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ مختلف ٹیسٹ بھی کیے۔

اسپتال میں ان کا ٹروپونن ٹی ٹیسٹ کیا گیا، جو دل کے دورے کی تشخیص میں مدد دیتا ہے، تاہم اس کے نتائج نارمل آئے۔ اس کے علاوہ ان کی ای سی جی سمیت دیگر طبی جانچ بھی کی گئی، جس کے نتائج تسلی بخش رہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق نورین نیازی کا بلڈ پریشر ادویات کے ذریعے کنٹرول کرلیا گیا تھا اور ان کی طبیعت مستحکم تھی۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں فی الحال انجیوگرافی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کا جو یار ہے غدار ہے، پشاور کے شہریوں کا نورین نیازی کے بیان پر ردعمل

طبی معائنے اور ٹیسٹوں کے بعد نورین نیازی کو دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔ وہ پی ٹی آئی کے احتجاجی مارچ کے تناظر میں پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت احتیاطی نظر بندی میں ہیں، ان کی نظر بندی میں اکتوبر کے دوران مزید 30 روز کی توسیع کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp