سردیوں میں بھی بجلی صارفین کو بھاری بلوں سے ریلیف ملنے کا امکان کم دکھائی دے رہا ہے، دسمبر، جنوری اور فروری کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت بڑھنے کے باعث فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں 2 سے 3 گنا اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی کے بلوں کا اضافی بوجھ پڑسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاور ڈویژن کے ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 3 ماہ بجلی صارفین کے لیے مالی اعتبار سے خاصے مشکل ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس عرصے میں عالمی منڈی میں ایل این جی، کوئلے اور دیگر ایندھن کی بلند قیمتوں کے باعث بجلی کی پیداوار مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس کا اثر صارفین کے ماہانہ بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں منتقل ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کے بلوں میں پھر اضافہ، نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی
رپورٹس کے مطابق سردیوں میں بجلی گھروں کو مقامی گیس کی فراہمی بھی ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔ اس موسم میں گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی گیس کی فراہمی پہلے ہی ناکافی ہوتی ہے، جس کے باعث بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کو مطلوبہ مقدار میں گیس ملنا مشکل ہوگا۔
دوسری جانب سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار بھی نمایاں طور پر کم ہوجاتی ہے۔ ایسے میں بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے مہنگے درآمدی ایندھن، خصوصاً ایل این جی اور کوئلے پر انحصار بڑھانا پڑسکتا ہے، جس سے بجلی کی پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا۔
میڈیا رپورٹس میں پاور ڈویژن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر بھی پڑیں گے۔ گزشتہ مہینوں کے دوران بجلی کی لاگت اور فیول ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ کم رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے، جن میں روزانہ 2 گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ بھی شامل تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سرچارجز کیخلاف درخواست سماعت کے لیے منظور
عالمی منڈی میں ایل این جی سمیت دیگر ایندھن کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ چکی ہیں، جس کے باعث آئندہ مہینوں میں بجلی کی پیداواری لاگت قابو میں رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔
اس صورت حال میں صارفین کو سردیوں کے دوران بجلی کے بلوں میں ممکنہ اضافے کے ساتھ لوڈ مینجمنٹ میں اضافے کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔ بالخصوص محدود آمدن والے گھرانوں کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں ممکنہ اضافہ گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈال سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دسمبر، جنوری اور فروری کے دوران فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 2 سے 3 گنا تک بڑھنے کا خدشہ ہے، تاہم اضافے کی اصل شرح متعلقہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں اور بجلی کی پیداواری لاگت کے تعین کے بعد واضح ہوگی۔











