وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر کا کام تیز کرنے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش اسکولز کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ ان اسکولوں میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جائیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف علاقوں میں جاری منصوبوں کی صورتحال اور تعمیراتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس بذریعہ زوم آن لائن منعقد کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش اسکولز کا قیام پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان تعلیمی اداروں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دانش اسکولز کی تعمیر 24 گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں دانش اسکولز کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے اور تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھی جائیں تاکہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز میں صرف انتہائی غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جائیں گے تاکہ انہیں معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ دانش اسکولز میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی جدید طریقہ کار اختیار کیے جائیں۔
انہوں نے دانش اسکولز کے بنیادی ڈھانچے، دستیاب سہولیات اور فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کی جانچ کے لیے تیسرے فریق کے ذریعے تصدیق کا عمل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دانش اسکولز تک رسائی کے لیے سڑکوں کی تعمیر
وزیراعظم نے وزارت مواصلات کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں قائم کیے جانے والے دانش اسکولز تک طلبہ اور متعلقہ افراد کی آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا بہترین نظام قائم کیا جائے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، سابق فاٹا، میں دانش اسکولز کی تعمیر کے لیے حکمت عملی جلد از جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش اسکولز کی تعمیر کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد چیمہ، عطااللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، مصدق ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔










