سری لنکا کے ماہرین تعلیم، بدھ مت کے راہبوں، مذہبی رہنماؤں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر مشتمل 20 رکنی وفد نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی ورثے، بالخصوص گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے آثار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 3 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے اس دورے کے دوران وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان اور ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک کمیونیکیشنز طارق وزیر نے سری لنکن وفد کو پاکستان میں مذہبی سیاحت کے مواقع اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وفد کو گندھارا تہذیب کے بدھ مت سے متعلق تاریخی ورثے، مذہبی سیاحت کے فروغ اور کرتارپور راہداری جیسے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سفیر سجاد حیدر خان نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے سری لنکن مہمانوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
🚨BREAKING: 20-Member Sri Lankan Delegation Visits Islamabad to Explore Pakistan’s Buddhist Heritage and Religious Tourism. pic.twitter.com/CBJDdBODLD
— The Daily CPEC (@TheDailyCPEC) November 3, 2026
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری، روابط میں اضافے، مفاہمتی یادداشتوں کو اپ ڈیٹ کرنے، مشترکہ آثار قدیمہ کی تحقیق اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفیر سجاد حیدر خان نے وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے گندھارا، کریڈل آف بدھ ازم اسٹریٹجی کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں ٹاسک فورس کے عمران شوکت اور پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر بھی شریک تھے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سری لنکن وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ ثقافتی و تہذیبی ورثے کو فروغ دینے کی کوششوں میں اہم پیش رفت ہے۔










