ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں رات کے اوقات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلی کے اثرات قدرتی آفت نہیں بلکہ ہماری پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، وفاقی وزیر مصدق ملک
چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں موسم خشک، مری اور گلیات میں سردی
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ ان علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں سردی، ہلکی برفباری کی پیشگوئی
گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی توقع ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں بوندا باندی، سرد ہواؤں سے موسم خوشگوار، بارش کا سلسلہ مزید 2 روز جاری رہنے کا امکان
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، جبکہ شمالی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود ریکارڈ کیا گیا۔
آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ، اسکردو میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ استور میں 03 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔









