بھارتی سنیما کی متعدد کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کرنے والے معروف فلم ساز سنجے گپتا 57 سال کی عمر میں آنجہانی ہو گئے۔
پولیس اور بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افسوس ناک واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب سنجے گپتا اپنے گھر میں ایک کمرے سے دوسرے کمرے کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک توازن بگڑنے سے زمین پر گر پڑے۔
واقعہ رات کے وقت پیش آنے کے باعث ان کی اہلیہ اور بچے سو رہے تھے، جس کی وجہ سے اہلخانہ کو اس حادثے کی بروقت خبر نہ ہو سکی۔
یہ بھی پڑھیے بھارت میں مسلمانوں کیخلاف فلم ’ہمارے بارہ‘ میں کس چیز کو ٹارگٹ کیا گیا ہے؟
صبح بیدار ہونے پر جب گھر والوں نے انہیں بے ہوش پایا تو فوری طور پر قریب واقع اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طبی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ گرنے کے دوران سر پر شدید چوٹ لگنا ان کی موت کا سبب بنا۔
واضح رہے کہ سنجے گپتا کا شمار بالی وڈ کے بہترین ایکشن فلم سازوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے بالخصوص اداکار سنجے دت کے ساتھ کئی یادگار اور کامیاب فلمیں بنائیں، جن میں ’کانٹے‘ (2002)، ’مسافر‘ (2004)، ’زندہ‘ (2006) اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ (2007) جیسی شاہکار فلمیں شامل ہیں۔ ان کی ناگہانی موت پر شوبز سے وابستہ شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔










