کوئٹہ کی عابدہ بتول نے تاریخ رقم کردی، عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

پیر 2 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی ہزارہ برادری کی باہمت باکسر عابدہ بتول نے تھائی لینڈ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (WIBA) کا عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

انہوں نے پٹایا میں ہونے والے مقابلے کے پانچویں راؤنڈ میں تھائی حریف وانڈی سینونگ کھروٹ کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔

31 اکتوبر کو تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے ایف سی سی اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ مقابلہ 8 راؤنڈز پر مشتمل تھا، جس میں عابدہ بتول نے ابتدا ہی سے اپنی حریف کے خلاف بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

تاہم پانچویں راؤنڈ میں تھائی باکسر مقابلہ جاری نہ رکھ سکیں، جس کے نتیجے میں عابدہ بتول کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی بنیاد پر فاتح قرار دیا گیا۔ یہ مقابلہ ’بریو ہارٹس‘ باکسنگ ایونٹ کا حصہ تھا۔

عابدہ بتول کی اس کامیابی کو پاکستانی خواتین کی باکسنگ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈبلیو آئی بی اے کا عالمی ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔

اس تاریخی فتح سے بین الاقوامی پروفیشنل باکسنگ میں پاکستان کی شناخت مزید مستحکم ہونے کے ساتھ عابدہ بتول کی عالمی رینکنگ میں بھی بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

عابدہ بتول نے 2018 میں باکسنگ کے میدان میں قدم رکھا تھا۔ تھائی لینڈ میں ہونے والا یہ ان کا دوسرا بین الاقوامی پروفیشنل مقابلہ تھا، جبکہ اس سے قبل وہ پاکستان کا قومی پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔

تاہم قومی سطح سے عالمی اعزاز تک پہنچنے کا سفر ان کے لیے آسان نہیں رہا۔ باکسنگ کے ابتدائی دنوں میں انہیں مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ اہل خانہ کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا، لیکن ان رکاوٹوں کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔

عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد عابدہ بتول نے اپنی کامیابی پر اہل خانہ، اسپانسرز، کوچ شارق خان اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس تاریخی کامیابی کو اپنے اہل خانہ، کوچ، اسپانسرز اور قوم کی جانب سے ملنے والی حمایت اور حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیا۔

کوئٹہ کی گلیوں سے بین الاقوامی باکسنگ رنگ تک پہنچنے والی عابدہ بتول کی کامیابی بلوچستان کی ان خواتین کے لیے بھی ایک مثال بن گئی ہے جو محدود وسائل اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود کھیلوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی خواہش رکھتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سری لنکن وفد کا دورہ پاکستان، مشترکہ آثار قدیمہ کی تحقیق پر تبادلہ خیال

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

صدر آزاد کشمیر سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے وفد کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے اسکواڈز کا اعلان، 22 نومبر کو بڑا مقابلہ

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

ویڈیو

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

جھڈو کے 208 سرکاری اسکولوں میں صرف 270 اساتذہ: خستہ حال جھونپڑوں میں پڑھائی، والدین کا بااختیار انتظامی یونٹ کا مطالبہ

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟

مولانا فضل الرّحمان اور خواجہ آصف کا نقد سودا