پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ماڈل اور اداکار عمر شہزاد اور ان کی اہلیہ شانزے لو دھی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد جوڑے کو شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارک بادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام ’اسماعیل‘ رکھا ہے۔ اس خوشخبری کے اعلان کے لیے ایک خوبصورت پوسٹر بھی شیئر کیا گیا جس میں ننھے اسماعیل کے لیے ایک دعا درج تھی”اللہ تعالیٰ آپ کو ایک خوبصورت زندگی، مضبوط ایمان، بہترین صحت اور بے شمار خوشیاں عطا فرمائے، اور آپ کو نیک اور صالح لوگوں میں شامل فرمائے۔ آمین۔”
View this post on Instagram
اس موقع پر شانزے لو دھی نے اپنے زچگی کے تجربے سے متعلق ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے والے درد، آنسوؤں اور دعاؤں کے بعد بالآخر انہوں نے اپنے ننھے بیٹے کو گود میں لیا۔
شانزے کے مطابق یہ سفر جسمانی طور پر انتہائی کٹھن تھا تاہم اس دوران انہیں اپنے اندر ایسی ہمت اور طاقت کا احساس ہوا جس کا انہیں پہلے اندازہ نہیں تھا۔ انہوں نے اپنے شوہر کی محبت اور بھرپور ساتھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عمر شہزاد ہر لمحے ان کے ساتھ موجود رہے اور اس مشکل سفر کے ہر مرحلے میں ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمرے کی ویڈیو پر تنقید کے بعد اداکار عمر شہزاد نے وضاحت پیش کردی، ناقدین کا غم و غصہ کم نہ ہوا
انہوں نے مزید لکھا کہ جب انہوں نے اپنے انتظار کی گھڑیوں کے بعد ننھے اسماعیل کو پہلی بار اپنی بانہوں میں لیا تو تمام تکالیف جیسے بھول گئیں اور ان کے دل محبت اور خوشی سے بھر گئے۔ شانزے نے اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ’الحمدللہ‘ بھی کہا۔
عمر شہزاد اور شانزے لو دھی کے والدین بننے کی خبر پر مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نومولود اسماعیل کی صحت، سلامتی اور روشن مستقبل کے لیے بھی دعائیں کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’یہ مقدس جگہ ہے پیرس کی سڑکیں نہیں‘، عمر شہزاد اور شانزے لودھی کی عمرے کے دوران ویڈیو پر مداح برہم
عمر شہزاد ان دنوں جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’اسوہٰ‘ میں اپنی اداکاری کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ اداکار نے فروری 2025 میں شنزے لو دھی کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ، مدینہ منورہ میں نکاح کیا تھا۔ ان کے نکاح اور شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں اور مداحوں کی جانب سے جوڑے کو بھرپور پذیرائی ملی تھی۔










