وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کے انتظامی امور، نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مختلف امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئیں۔
بریفنگ کے مطابق وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے، جبکہ ان کی تیاری میں جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا تاکہ نوٹوں کی پائیداری اور قابل استعمال مدت میں اضافہ ہوسکے۔
وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔











