عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا جس کے بعد پرتگال کے لیے دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ان کا شاندار بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے قومی ٹیم کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں پرتگال سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’پرتگال ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔‘
View this post on Instagram
41 سالہ اسٹار فٹبالر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران پرتگال کی جانب سے 234 میچز کھیلے اور 146 گول اسکور کیے۔ وہ قومی ٹیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 2003 میں ہوا تھا۔
رونالڈو کے کیریئر کا اہم ترین سنگ میل 2016 میں یورپی فٹبال چیمپئن شپ (یورو) کا ٹائٹل جیتنا تھا جس میں انہوں نے پرتگال کو پہلی مرتبہ یورپی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے والی پرتگالی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: رونالڈو کا پرتگال سے ریٹائرمنٹ کا امکان مسترد، کوچ پر وعدہ خلافی کا الزام
رونالڈو کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ مہینوں کے دوران ان کے حوالے سے مختلف تنازعات اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ستمبر میں ہیڈ کوچ جارجے جیسس کے ساتھ مبینہ اختلافات کے بعد انہوں نے پرتگال کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے انسٹاگرام پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ان کا فوری طور پر بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہیں۔
اس سے قبل رونالڈو نے 2026 کے ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کے امکان کا بھی اظہار کیا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے الوداعی خط بھی تیار کرلیا تھا تاہم پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا کی جانب سے انہیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر آمادہ کیا گیا تھا۔











