امریکی سینیٹ انتخاب میں ووٹ تقسیم کرنے کا مبینہ کھیل، ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کردیں

ہفتہ 7 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی وسط مدتی انتخابات میں الاسکا سے سینیٹ کی نشست کے امیدوار جیرالڈ ہائیکس کو انتخابی معرکے کے عین آخری دنوں میں ایف بی آئی کے اہلکاروں نے سمن تھما دیا۔ انہیں ڈیموکریٹ امیدوار میری پیلٹولا سے منسلک مبینہ انتخابی حکمت عملی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے گرینڈ جیوری کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وفاقی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ڈیموکریٹ امیدوار کے حامیوں نے ری پبلکن سینیٹر ڈین سلیوان کے ووٹ تقسیم کرنے کے لیے ایسے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کی کوشش کی جن کے نام ان سے ملتے جلتے ہیں۔

تحقیقات کا مرکز یہ الزام ہے کہ میری پیلٹولا سے منسلک سیاسی کارکنوں نے جیرالڈ ہائیکس سمیت بعض امیدواروں کو انتخاب لڑنے کے لیے آمادہ کیا، تاکہ ری پبلکن امیدوار کے ووٹ متاثر ہوسکیں۔ تاہم میری پیلٹولا نے ایسے کسی منصوبے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے الزامات مسترد کیے ہیں۔

سی این این کو انٹرویو میں جیرالڈ ہائیکس نے کہا کہ انہیں سمن میں بتایا گیا ہے کہ وہ پیش ہوکر وضاحت کریں کہ انہیں کس طرح انتخاب لڑنے کے لیے بھرتی کیا گیا، حالانکہ ان کے بقول انہیں کسی نے انتخاب لڑنے کے لیے بھرتی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی سیاست میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے اور محض یہ دیکھنے کے لیے سینیٹ کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا کہ کیا ہوتا ہے۔

ہائیکس الاسکا کے شہر پالمر میں ڈرائی وال کا کام کرتے ہیں اور انتخابی نتائج کے مطابق تقریباً 2 فیصد ووٹ حاصل کرچکے ہیں، جب کہ ایک چوتھائی ووٹوں کی گنتی ابھی باقی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سینیٹر ڈین سلیوان کے حامی ہیں اور کسی امیدوار کے ووٹ تقسیم کرنا ان کا مقصد نہیں تھا۔

سی این این کے مطابق ایف بی آئی کے اہلکاروں نے انہیں ہفتے کے روز ریاست کے دوسرے علاقے میں ایک دوست کے گھر کام کرتے ہوئے سمن پہنچایا۔ ہائیکس نے بتایا کہ اہلکار خوش اخلاقی سے پیش آئے اور سمن دینے کے بعد واپس چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی انتخابات کے بعد ٹیکنالوجی اسٹاکس کریش، نیسڈیک سے ڈھائی کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری غائب

تحقیقات میں کئی سیاسی ایکشن کمیٹیوں اور سیاسی مشیروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان میں سے بعض نئی قائم ہونے والی کمیٹیوں نے لاکھوں ڈالر خرچ کرکے سینیٹر ڈین سلیوان کے خلاف مہم چلائی اور ہائیکس کی حمایت میں اشتہارات دیے تھے۔

واضح رہے کہ الاسکا میں ترجیحی ووٹنگ کا نظام رائج ہے، جس کے تحت ووٹر امیدواروں کو ترجیحی بنیادوں پر منتخب کرتے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا تھا کہ ہائیکس اور ایک دوسرے امیدوار کے ووٹ خودکار طور پر ڈین سلیوان کو منتقل کیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان میں توانائی کا بڑا بریک تھرو: 20 سال بعد سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کا نیا سفر شروع

اسلام آباد میں کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت، متبادل راستوں کا اعلان

پاکستان کا اقوامِ متحدہ سے امن مشنز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 6 نکاتی اصلاحاتی فارمولے اور بجٹ کی منصفانہ فراہمی کا مطالبہ

لڑکیوں کو حقیقی زندگی میں ’ابوبکر‘ چاہیے تو بیٹوں کی تربیت بھی ایسی کرنا ہوگی، سعدیہ امام

پی ایل ایل نے ایل این جی خریداری کے لیے بولیاں جمع کرانے کی تاریخ میں 4 روز کی توسیع کر دی

ویڈیو

اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں اینٹی اسموگ گنز کا دائرہ وسیع، لاک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں

ترقی کے سفر میں لیہ کب شامل ہوگا؟ شہری بڑے ترقیاتی منصوبوں کے منتظر

10 روپے کا نوٹ بند ہونے سے شادیوں کی رونق اور محنت کشوں کی آمدن متاثر ہونے کا خدشہ

کالم / تجزیہ

امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟