ٹوئٹر کی متبادل ایپ متعارف: “اب ایلون مسک اور مارک زکر برگ کا مقابلہ ہوگا”

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا نے  اپنا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ٹوئٹر کا متبادل تھریڈز  تیار کر لیا۔

میٹا کا یہ ٹوئٹر متبادل جمعرات کو امریکا میں اور جمعہ کو باقی دنیا کے لیے جاری کیا جائے گا۔

اس ایپلی کیشن کا مرکزی مقصد ٹوئٹر سے مایوس ہونے والے افراد کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔

اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ میٹا نے اسے انسٹاگرام سے منسلک کیا ہے اور ممکنہ طور پر صارفین انسٹاگرام پر موجود اپنے فالوورز کو نئے پلیٹ فارم پر منتقل کر سکیں گے۔

صارفین کے لیے انسٹاگرام کے مواد کو نئی ایپلی کیشن پر شیئر کرنے کے سہولت بھی میسر ہو گی۔

اس ایپلی کیشن کے متعارف کرائے جانے کی خبر کے ساتھ ہی سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے۔

سکندر اعظم خان نامی صارف نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئیٹر کے مالک کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ایلون مسک نے ٹویٹر پر بہت گڑ بڑ کر دی ہے اور اس کا منصوبہ بالآخر پلیٹ فارم کو تباہ کرنا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹا کا یہ تھریڈ ضرور کامیاب ہو گا کیونکہ زیادہ تر لوگ ٹوئٹر متبادل کی تلاش میں ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہو گا کہ ان کی آپس کی لڑائی اب کون جیتے گا، ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک یا فیس بک کے بانی مارک زکر برگ۔

فیس بک کی جانب سے ٹوئٹر کی متبادل ایپ متعارف کرانے پر ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انسٹاگرام کی تمام زہریلی چیزیں اب ٹوئٹر کے انٹر فیس میں شامل ہو گئی ہیں، یہ ایک ڈراؤنا خواب ہے جو سچ ثابت ہو رہا ہے۔

صارفین کی جانب سے نئے پلیٹ فارم کو سراہا بھی جا رہا ہے ، بعض صارفین کا کہنا ہے کہ فیس بک کی جانب سے متعارف کرایا گیا ٹوئٹر کا یہ متبادل بہت فائدہ مند ثابت ہو گا کیونکہ صارفین اپنی خواہشات کے عین مطابق فیصلے بھی کر سکیں گے۔

چند صارفین ایسے بھی ہیں جو سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے پریشان نظر آتے ہیں ایسے ہی ایک صارف نے لکھا کہ بس وہی جو دنیا کو چاہیے، مزید سوشل میڈیا۔

واضح رہے کہ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا انتظام ایلون مسک کی جانب سے سنبھالے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں جس پر اکثر صارفین نا خوش اور ایلون مسک پر تنقید کرتے نظر آتے تھے۔ اور اس لیے فیس بک نے ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے دسمبر 2022 میں ہی متبادل پلیٹ فارم کی تیاری پر کام شروع کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp