لاہور میں عمران خان کی ’جھنڈا لگاؤ مہم‘ ناکام کیوں؟

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ’جھنڈا لگاؤ مہم‘ کا آغاز کیا تو دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر صارفین نے اپنے اکاؤنٹس پر پاکستان تحریک انصاف کا جھنڈا پوسٹ کرنا شروع کیا اور یہی موضوع پھر ٹوئٹر ہیش ٹیگ بن کر ٹرینڈ بھی کرنے لگا۔

مختلف رپورٹس کے مطابق چاروں صوبوں میں جھنڈا لگاؤ مہم زور پکڑنے لگی ہے لیکن شہرِ لاہور میں معاملات اسکے برعکس ہیں۔ نہ تو کوئی جھنڈا نظر آیا اور نہ جھنڈا لگانے والا۔ اس سے قبل یہاں کوئی جلسہ منعقد ہوتا تو پورے لاہور شہر کو پی ٹی آئی کے سرخ اور سبز جھنڈوں سے دلہن کی طرح سجا دیا جاتا تھا۔

کوئی بھی سیاسی موقع ہو پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے لاہور کی شاہراہوں پر لہرانے لگتے اور اگر احتجاج کی کال ہو تو احتجاجی بینرز پورے شہر کی زینت بن جاتے، لیکن 9 مئی کے بعد سے سب کچھ ماند پڑ گیا ہے۔ لگتا ہے کہ سرخ اور سبز جھنڈے تہہ کر کے صندوقوں میں رکھ دیے گئے ہیں کہ کہیں جھنڈا لہرا دیا تو جیل کی ہوا نہ کھانا پڑجائے ۔

عمران خان کی جھنڈا لگاؤ مہم صرف ٹوئٹر کی حد تک مقبول ہوئی لیکن پنجاب بھر میں کوئی خاطر خواہ کامیابی نظر نہیں آئی۔لاہور شہر پی ٹی آئی کا گڑھ سمجھا جانے لگا تھا لیکن یکدم ایسی خاموشی چھائی کہ عمران خان کے حق میں نعروں سے گونجتی آوازیں دم توڑ گئی ہیں۔

عمران خان کے حق میں اٹھنے والی آوازیں خاموش کیوں ہیں؟

لاہور میں جہاں ہر وقت ’عمران تیرے جان نثار ، بے شمار ، بے شمار‘ کے نعرے گونجا کرتے تھے اب اپنے قائد کی ایک جھنڈا لگاؤ کال پر کیوں پورے کا پورا شہر خاموش اور خوفزدہ ہے؟

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد سے کارکنان خوفزدہ ہیں کہ کہیں انہیں بھی حوالات کی سیر نہ کرنا پڑ جائے اس لیے سب خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

’جو کارکنان جیلوں میں ہیں انکے اہلِ خانہ مزید خوفزدہ ہیں کہ مزید گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں تو حالات گمبھیر ہوجائیں گے اور گرفتار کارکنان کو اس کا مزید خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘

9 مئی کے واقعہ کے بعد جس طرح سے مظاہرین کو سلاخوں کے پیچھے لے جا کر احتساب شروع ہو ا تو اپنی وفاداری کا چیخ چیخ کر ثبوت دیتی تمام آوازیں آج گلا بند ہونے کا بہانہ بنا کر اپنی اپنی زندگیوں میں مصروف ہو گئے ہیں کہ اگر وہ بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے تو سخت احتساب ہوگا، جیساجیلوں میں موجود کھلاڑیوں کا ہو رہا ہے اور کپتان اپنی اننگز مکمل کرکے پویلین لوٹ چکا ہے۔

جھنڈا لگاؤ مہم کے بعد احتجاج کی کال

عمران خان کی جھنڈا لگاؤ مہم تو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی لیکن اس کے فوراً بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔ عید الضحٰی پر سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ایک مسجد کے باہر عراقی شہری نے قرآن کریم کی بے حرمتی کی جس پر پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔

سوئیڈن میں قرآن کریم کے بے حرمتی کے خلاف جہاں پوری دنیا میں مظاہرے ہو رہے ہیں وہیں ابھی تک کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت کی طرف سے احتجاج کی کال نہیں دی گئی لیکن عمران خان نے اس واقعے کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے۔

قرآن کریم کی بے حرمتی نا قابلِ برداشت ہے اور ایسے واقعہ کہ جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔ وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کارکنان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی حرمت پر جان بھی قربان ہے اور کوشش یہی ہوگی کہ احتجاج میں ضرور شریک ہوں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ لوگ عمران خان کی کال پر احتجاج میں شریک ہوں گے یا خوف یونہی کھلاڑیوں پر سوار رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp