زلزلے کی تباہ کاریاں، دنیا شام اور ترکی کے شانہ بشانہ

منگل 7 فروری 2023
author image

ویب ڈیسک

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روسی ماہر ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے شدید زلزلے کے آفٹر شاکس کئی برس تک محسوس کئے جاتے رہیں گے۔رشین اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف ارتھ کرسٹ کے سربراہ دمتری گلیڈ کوچب نے روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ ترکیہ میں پیر کی صبح آنے والے زلزلے کے بعد اب تک 400 سے زیادہ آفٹر شاکس ریکارڈ کئے جا چکے ہیں یہ سلسلہ آئندہ کئی سال تک جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔

ترکی میں اناطولیہ اور عرب پلیٹس کی حرکت کے دوران عربین پلیٹ نے اناطولیہ پلیٹ پر دبائو ڈالا ہے۔ اس دبائو کے نتیجہ میں پلیٹ میں بڑے پیمانے پر ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔

قارئین مصیبت کی ان گھڑیوں میں خوش آئند بات یہ ہے کہ شام اور ترکیہ میں ہولناک زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بعد دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات ، اظہارِ یکجہتی اور فوری امداد کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ترکیہ اور شام کے سربراہان سے رابطہ کرکے فوری امداد اور انسانی جانوں کے نقصان پر تعزیت کی، وزیر اعظم نے کہا ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے 24 گھنٹے بعد ہلاکتوں اور تباہی کے دلخراش اور دردناک مناظر سامنے آ رہے ہیں، بڑے پیمانے پر جو انسانی المیہ رونما ہوا ہے اس کے پیش نظر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے بروقت اور ٹھوس مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

‏وزیراعظم برادر ملک ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کے لئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کیا ہے، کابینہ نے 1 ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مخیرحضرات کو برادر ملک ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ کل ہنگامی دورے پر ترکی جائیں گے ۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے صدر جو بائیڈن نے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے پر صدر رجب طیب اردوان سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور زلزلے کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن نے نیٹو اتحادی ترکیہ کو ہر طرح کی اور تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے امریکی عزم کی توثیق کی۔ صدر کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکی ٹیمیں ترکیہ میں ریسکیو اور سرچ آپریشن میں مدد اور صحت کی خدمات اور بنیادی امدادی اشیا سمیت دیگر امداد کو مربوط کر رہی ہیں جو زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو درکار ہو سکتی ہیں۔

چین نے ترکیہ کے لئے 5.9 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں چین کی ریڈ کراس سوسائٹی بھی شام اور ترکیہ کو فوری طور پر 2 ،2لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرےگی۔

چینی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق چینی حکومت زلزلے سے نمٹنے اور بچاؤ کے کاموں کے لیے ترکیہ کے لیے ہنگامی امداد کی مد میں 40 ملین یوآن (قریباً 5.9 ملین ڈالر) مختص کرے گی۔

چین ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور طبی ٹیمیں بھی بھجوائے گا اور متاثرین کی مدد کے لیے رقم بھی فراہم کرے گا۔چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی چین شام اور ترکی کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور انہیں فوری انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

رابطہ عالم اسلامی نے ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔ ادارے کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیٰسی نے اس المناک حادثے پر شامی اور ترک اقوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعاکی کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت ،انہیں جنت میں اعلٰی مقام عطافرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب فرمائے۔

روسی صدر ولا دیمر پیوٹن اور اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے ​​بھی نے بھی جاں بحق ہونے والوں کے لئے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ کو ہر ضروری مدد فراہم کرنے کا عزم کیا ۔

آذربائیجان کے صدر الہام علی یف نے اپنے پیغام میں کہا زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان سے ہمیں دلی صدمہ پہنچا، اس مشکل وقت میں ہم ترکیہ کی ہر ممکنہ مدد کے لئے تیار ہیں۔ جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین اور عزیز و اقارب اور برادر ترک عوام سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی فی الفور شفایابی کے دعا گو ہیں۔

شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر ایرسین تاتار نے بھی کہا کہ ہمارے عوام ترکیہ کے درد میں برابر کے شریک ہیں ، ہماری دعا ہے کہ اس قدرتی آفت میں جانی نقصان کم سے کم ہو۔انہوں نے کہا میں اپنی اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے شہریوں کی طرف سے دکھ کا اظہار کرتا ہوں ۔

قازقستان کے صدر قاسم جومرت توکایوف نے بھی صدر اردوان کو زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیتی پیغام میں کہا قازقستان ترکیہ کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تحریری اعلامیہ میں ہلاک ہونے والوں کی مغفرت ، زخمیوں کی فی الفور شفایابی کی دعا اور ترکیہ و شام کے ساتھ اظہار ِ یکجہتی کیا گیا ۔

ہنگری کے صدر کاتالین نوواک، کرغزستان کے صدر جاپاروف، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، گیمبیا کے صدر آداما بارو، ایتھوپیا کی وزارت خارجہ، صومالیہ کے وزیر دفاع عبدالقادر محمد نور، کونسل آف یورپ کی سیکرٹری جنرل ماریجا پیکی نووک بورک سویڈش وزیر خارجہ توبیاس بلسٹروم، لٹویا کے وزیرخارجہ ایڈگرس رنکیوکس، فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا، اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے ہر قسم کی مدد اور دکھ کا اظہار کیا ۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی، ڈچ وزیر خارجہ مارک روٹ، ڈچ وزیر خارجہ ووپک ہوکسٹرا اور جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیربوک،سعودی عرب کی وزارت خارجہ ،لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ ، لیبیا کے وزیر خارجہ نیکلا مینگوش، عمان کے سلطان ہیثم بن طارق، اردنی وزارت خارجہ اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کیانی نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیت کے پیغامات جاری کیے ہیں جن میں زلزلے میں جانیں گنوانے والوں کے اہل خانہ اور ان کےعزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش اور ترکیہ کی مدد کا عزم کیا۔

سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن اور یورپی یونین کمیشن کے صدر ارسلا وان دیر لیین نے ترکیہ کی مدد کا عہد کیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے یورپ کے ڈائریکٹر ہنس کلوگ نے ​​بھی ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں ترکیہ اورشام میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس عالمی یکجہتی پر برملا کہا جا سکتا ہے ’اس دنیا کے غم جانے کب ہوں گے کم‘ ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

وی نیوز کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp