پاکستانی نژاد برطانوی خاتون ڈاکٹر کی ویڈیو کیوں وائرل ہو رہی ہے؟

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں برمنگھم سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد ڈاکٹر سمیرا افضل کو سابق پاکستانی کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اچانک زبردست مقبولیت حاصل کر رہی ہے جس میں ایک خاتون کو پاکستان کے سابق کرکٹر یونس خان کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اگرچہ اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے ساتھ کرکٹ کھیلنا بہت سے لوگوں کے لیے ایک خواب ہوتا ہے لیکن برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹر سمیرا افضل کا یہ خواب اس وقت پورا ہوا جب انہوں نے یونس خان کے گھر کے صحن میں عملاً ان کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔

ڈاکٹر سمیرا افضل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سمیرا افضل نے خود کو پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان کے ساتھ ان کے گھر کے صحن میں کھیلتے ہوئے دکھایا ہے۔

اس ویڈیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فورا دھوم مچا دی، لاکھوں لوگوں کی توجہ اس ویڈیو نے اپنی جانب مبذول کرائی، ہزاروں لوگوں نے اس پر اپنے تبصرے شیئر کیے ہیں۔

ڈاکٹر سمیرا افضل ویڈیو کے ساتھ لکھتی ہیں کہ ‘ایک عظیم کرکٹر کے ساتھ اس کے گھر کے صحن میں شلوار قمیض میں کرکٹ کھیلنا خواب سے لگتا ہے! ایسا عاجز اور قابل احترام انسان یونس خان ہے۔17 سیکنڈ کے کلپ میں ڈاکٹر سمیرا افضل کو شلوار قمیض میں بیٹنگ اینڈ پر کھڑا دکھایا گیا ہے۔ جیسے جیسے ویڈیو آگے بڑھتی ہے، یونس خان اسے گیند پھینکتے ہیں، جسے ڈاکٹر سمیرا افضل شاندار مہارت سے کھیلتی ہیں۔

یہاں دلچسپ بات معلوم ہوئی ہے کہ ڈاکٹر سمیرا افضل ایک سابق کرکٹر ہیں جو انگلش کاؤنٹی کرکٹ ٹیم واروکشائر کے لیے کھیل چکی ہیں۔

یہ ویڈیو 3 جولائی کو ٹوئٹر پر شیئر کی گئی۔ اس کے بعد اسے ایک لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور 1,100 سے زیادہ لائکس ملے ہیں یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ مزید برآں ویڈیو پر متعدد دلچسپ تبصرے بھی کیے گئے ہیں۔

یونس خان کے کیرئیر کے بارے میں!

یونس خان پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بھی رہ چکے ہیں، انہیں جاوید میانداد کے بعد پاکستان کا بہترین بلے باز قرار دیا گیا تھا۔

ان کا 17 سال پر محیط ایک شاندار کیریئر تھا، جہاں انہوں نے 118 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 10,099 رنز بنائے۔ انہوں نے 265 ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھی کھیلے جن میں انہوں نے 7,249 رنز بنائے۔

یونس خان نے 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے ہیں اور 22.10 کی اوسط سے 442 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے نومبر 2015 میں ون ڈے کرکٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔

2017 میں انہوں نے اعلان کیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد وہ تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ انہوں نے اسی سال 14 مئی کو  اپنے شاندار کرکٹ کیرئیر کے ساتھ اس کھیل کو خیر آباد کہہ دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp