لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو قتل کیس سماعت کیلئے مقررکر دیاگیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق جسٹس وقاص رﺅف، جسٹس عبدالعزیزپر مشتمل ڈویژن بنچ کل سماعت کرے گا۔
حکومت نے بینظیر قتل کیس میں نامزد ملزمان کو بری کرنے کیخلاف اپیل دائر کر رکھی ہے ۔
واضح رہے کہ 2017ء میں انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا ، عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف مرحوم کو اشتہاری قرار دیا تھا، جبکہ 5نامزد ملزمان کو بری کر دیا تھا اور دو ملزمان کو 17سال قید کی سزا سنائی تھی۔
خیال رہے کہ 27 دسمبر2007ء کو لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کے بعد روانگی پر لیاقت باغ چوک میں خود کش حملے کے نتیجے میں بے نظیر بھٹو شہید ہوگئی تھیں جبکہ سانحہ کا مقدمہ تھانہ سٹی پولیس میں درج کیا گیا تھا۔
اس وقت کے صدر مملکت پرویز مشرف پر الزام ہے کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو کو مکمل سیکورٹی فراہم نہیں کی جبکہ عدالت نے انہیں مقدمے میں اشتہاری قرار دیا تھا۔