وزیراعظم پاکستان کی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک بات چیت

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور اسلامی ممالک کے اس پلیٹ فارم پر زور دیا ہے کہ وہ ’اسلامو فوبیا‘ کے خلاف مربوط اور جامع حکمت عملی تیار کرے۔

وزیر اعظم آفس کے ’میڈیا ونگ‘ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے جمعہ کو اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ کو ٹیلی فون کیا ہے۔

ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزادیٔ اظہار رائے اور احتجاج کے خود غرضانہ بہانوں سے مذہب، قابل احترام مذہبی شخصیات، مقدس صحیفوں اورعلامتوں کی توہین کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو زور دے کر کہا کہ اسلامی دنیا کی اجتماعی آواز کے طور پر اسلامی تعاون تنظیم اس معاملہ پر مربوط اور جامع حکمت عملی تیار کرے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے دیگر متعلقہ فورمز اور اداروں کے ساتھ اٹھانا چاہیے۔

قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کرنے کے بار بار پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے مسلمانوں کے خلاف جان بوجھ کر اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے ان رجحانات اور واقعات کے بارے میں مسلم امہ کے تحفظات اور مطالبات کو بیان کرنے میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلامی دنیا کی اجتماعی آواز کے طور پر، او آئی سی کو ایک مربوط اور جامع حکمت عملی تیار کرنی چاہیے، جس کا مقصد اپنے نقطہ نظر کے بارے میں عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنا اور مسلم دشمنی اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف قانونی اور سیاسی مزاحمت پیدا کرنا ہے۔

جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی کونسل میں اسلامو فوبیا کے موضوع پر فوری بحث کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے اُو آئی سی پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں مؤثر اور مربوط کردار ادا کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ وزیر اعظم پاکستان سے گفتگو کے دوران اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)  کے سیکریٹری جنرل نے قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کے گھناؤنے جرم پر پاکستان کی مذمت اور تشویش کی حمایت کی اور بالعموم اور اس معاملے پر بالخصوص او آئی سی کے مذاکرات میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔انہوں نے ’اسلامو فوبیا‘ سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp