ایلون مسک کی سرجیکل اسٹرائیک: گلگت بلتستان کے ٹویٹر صارفین مقبوضہ کشمیر”منتقل”

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹویٹر نے گلگت بلتستان میں حکومت پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ تک رسائی بند کر دی ہے اور خطے کا مقام  بھارت کے بعض حصوں میں تبدیل کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں جب ٹویٹر صارفین ایپ پر لوکیشن فیچر کو آن کرتے ہیں تو خطے سے بھیجے گئے ٹویٹس کو مقبوضہ کشمیر سے کی گئی ٹویٹس کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب گلگت بلتستان میں متعدد ٹویٹر صارفین نے شکایت کی کہ وہ خطے سے حکومت کے آفیشل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

 پاکستانی اخبار ڈان نیوز کے مطابق  جب صارفین نے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی تو ایک پیغام دکھایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ “ایک قانونی مطالبہ کے جواب میں ہندوستان میں اکاؤنٹ روک دیا گیا ہے”۔

  پاکستانی ٹائم لائنز پر اس وقت ایک بحث شروع ہوئی جب شبیر میر نامی صارف نے ایک اسکرین شاٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا  کہ میں گلگت میں ہوں لیکن ٹویٹر میری لوکیشن  جموں و کشمیر دکھا رہا ہے جبکہ پاکستانی حکومت کے آفیشل اکاؤنٹ تک بھی میری رسائی نہیں ہے ،اس کا مطلب ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ڈیجیٹل اسپیس میں گھس کر ٹویٹر پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ اب کیا کیا جائے؟

گفتگو مزید آگے بڑھی تو کچھ صارفین نے اس کو جی پی ایس سیٹیلائٹ کی خرابی سے جوڑا تو کچھ  صارفین اس کی وجہ خراب موسم بتاتے نظر آئے۔ ادھر ہی ایک صارف نے لکھا بھائی صاحب آپ وی پی این لگا کے بھول گئے ہوں گے ہمارے ساتھ تو کبھی ایسا نہیں ہوا۔

 

 

جہاں صارفین اس کو ٹیکنیکل گلچ سے جوڑ رہے ہیں وہاں بعض صارفین ٹویٹر کے مالک ایلون مسک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔ صارفین کا ماننا تھا کہ یہ ایلون مسک کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک ہے، صارف عمار نے لکھا یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ حکومت پاکستان کا اکاؤنٹ گلگت میں دکھائی نہیں دے رہا ہے اور لوکیشن آن کرنے پر ہندوستان کا حصہ دکھایا جارہا ہے جبکہ لوکیشن بھی ہندی زبان میں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جون 2022 میں ٹویٹر نے متعدد پاکستانی اکاؤنٹس بشمول اقوام متحدہ، ترکیہ، ایران، مصر اور ریڈیو پاکستان کے اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp