بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا، راوی اور ستلج میں بھی طغیانی کا خطرہ

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کیا تھا کہ اگلے چند گھنٹوں میں زیادہ بارشوں سے ملک کے بیشتر علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، چنانچہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑنے کے باعث سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈٰ ایم اے نے ٹوئٹر پر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگلے چند گھنٹوں میں زیادہ بارشوں کے باعث لاہور، سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوں گی جبکہ دریائے چناب، راوی، ستلج اور ان سے منسلک نالوں (بھمبر، ایک، دیگ، پالکھو اور بسنتر) میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ،حیرآباد، بدین، شہید بینظیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ شمال مشرقی بلوچستان میں سبی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، خضدار، بارکھان، لورا لائی، ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ کے علاوہ خیبر پختونخوا میں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مالم جبہ اور بالاکوٹ میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔

گزشتہ ہفتے سے پاکستان میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بچوں اور خواتین سمیت 55 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے، این ڈی ایم اے نے جن علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے وہاں کے رہنے والے پہلے ہی گزشتہ سال آنے والے سیلاب سے متاثر ہیں اور ابھی تک بحالی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

’گزشتہ آنے والے سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے اور 1 ہزار 739 افراد ہلاک ہوئے۔‘

این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک سیلاب کے امکانات کے حوالے سے حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے گی۔

این ڈی ایم اے نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ محتاط رہیں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں، ضلعی انتظامیہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں بالخصوص لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انتظامیہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انڈر پاس اور نشیبی سڑکوں سے نکاسی آب آپریشن کے دوران متبادل ہنگامی ٹریفک پلان کو یقینی بنائے. انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، متعلقہ شہروں کی ریسکیو سروسز اپنے عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی غیر یقینی کی صورت حال سے جلد از جلد نمٹا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp