صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی سیل قائم کیا جائے، محسن نقوی

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی سیل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ نئی صنعتیں لگانے اور نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو این اوسیز کے اجراء کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کی جاسکے۔

نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں تاجروں اورصنعت کارو ں کے مسائل اور ترسیلات زرسے متعلقہ ایشوز کے حل کے لیے وفاقی وزارت خزانہ کی معاونت سے 2 روز کے اندر خصوصی سیل قائم کیا جائے۔

نگران وزیراعلٰی محسن نقوی سے پنجاب کے 25 اضلاع کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اورتاجر تنظیموں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اسلام آباد سے ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے،3 گھنٹے کی طویل ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے صدور اور عہدیداران نے مسائل، تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

وزیراعلٰی محسن نقوی نے صنعتکاروں اور تاجروں کے تمام مسائل اور تجاویز کو نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویز کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ صنعت لگانے کے لیے مختلف محکموں کے این اوسیز کے پرانے نظام کو یکسر بدلیں گے۔ نئی انڈسٹریز کو 30 روز کے اندر ون ونڈو آپریشن کے ذریعے این او سیز دیے جائیں گے۔

نگران وزیر اعلٰی نے کہاکہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز اوراپٹما عہدیداروں نے پنجاب میں کپاس کی ریکارڈ فصل پر نگران وزیراعلٰی اوران کی ٹیم کی کارکردگی کوسراہا ہے، تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہاکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاجر اور صنعتکار برادری کی قابل عمل تجاویز پر ضرور غور کیاجائے گا اور صوبائی سطح پر تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ٹیم کو متحرک کردیا گیا ہے۔

’صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کو صنعتکاروں اورتاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ذمہ داری دی ہے۔‘

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مشکل وقت اورآزمائشیں گزرنے والی ہیں، اب پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے، تاجروں او رصنعتکارو ں کوایک پلیٹ فارم پراکٹھا کرنا خوش آئند اور قابل تحسین ہے۔

اجلاس میں رحیم یار خان اورلاہور میں سندر اسٹیٹ روڈز کی کشادگی کی تجویز، سرگودھا بھلوال روڈ کی تعمیر و توسیع، فورٹ منرو سٹیل برج کا فیز ون اورفیز 3 کی تکمیل کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

غازی یونیورسٹی کی سولر لائزیشن کے لیے 470 ملین کے فنڈز بھی جلد جاری کیے جائیں گے۔ ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ روڈ اورراجن پورروڈ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کی جائے گی، ساہیوال میں انڈسٹریل اسٹیٹ 2 کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا۔

صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، اظفرعلی ناصر، منصور قادر، ابراہیم حسن مراد، مشیر وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری صنعت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

اپٹما کے گروپ لیڈر گوہراعجاز، انوارغنی، فواد مختار، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز، فلور ملز، رائس ملز، ہارڈ ویئر مرچنٹ ایسوسی ایشن اوردیگر ایسوسی ایشنز کے صدور اور عہدے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp