پاکستانی طالب علم اٹلی میں مفت اسکالرشپ اور لاکھوں روپے کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

پیر 10 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں زیادہ تر طالب علم بیرون ملک یونیورسٹیوں میں داخلے اور اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے کوشش کرتے ہیں لیکن طریقہ کار معلوم نہ ہونے کی وجہ سے کنسلٹنٹس یا دیگر ایسے ایجنٹس کے ہاتھ لگ جاتے ہیں جو مختص رقم سے زیادہ پیسے بٹور لیتے ہیں یا پھر پیسے لے کر غائب ہوجاتے ہیں جس کے سبب اسکالرشپ یا داخلہ ملنے کے بجائے وہ طالب علم اپنی جمع پونجی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

لیکن پاکستانی طالب علم اگر تھوڑی سی محنت کریں اور چیزوں کو خود تلاش کریں تو باآسانی ایسی اسکالرشپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں جو انہیں بے پناہ فوائد مہیا کرسکتی ہیں۔

مثال کے طور پر اٹلی میں ماسٹرز کرنے والے طالب علموں کے لیے اسکالرشپس کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جس میں ریجنل اسکالرشپ کے تحت تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش، کھانا پینا اور ٹرانسپورٹ سمیت سالانہ 7 ہزار یورو یعنی (21 لاکھ پاکستانی روپے) تک طالب علموں کو دیے جاتے ہیں۔

اسکالرشپ حاصل کرنے کا طریقہ کار

اٹلی میں موجود کچھ پاکستانی طالب علموں نے بتایا کہ انہوں نے کسی بھی کنسٹلنٹ یا ایجنٹ کی مدد کے بغیر یہی اسکالرشپس حاصل کی ہیں اور یہ سارا عمل چند لاکھ روپوں میں ہی ہوگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 4 سال کی بیچلرز ڈگری رکھنے والوں کے لیے اٹلی کی یونیورسٹیاں سال میں 2 بار ماسٹرز کے داخلے جاری کرتی ہیں۔ کسی بھی یونیورسٹی جہاں داخلہ فارم جاری کیا گیا ہو اس میں اپلائے کریں، ایک مہینے کے اندر یونیورسٹی سے جواب آجاتا ہے اور 90 فیصد لوگوں کے لیے جواب مثبت ہوتا ہے یعنی داخلہ مل جاتا ہے۔

اٹلی میں موجود پاکستانی طالب علموں کے مطابق داخلہ حاصل کرنے کے لیے انگلش یا اطالوی زبان کے کورسز کے سرٹیفکیٹ اور سی جی پی اے کا اچھا ہونا ضروری ہے۔

داخلہ مل جانے کے بعد زیادہ تر طالب علم اس بات سے لاعلم ہوتے ہیں کہ اٹلی میں ہر یونیورسٹی اسکالرشپ دیتی ہے جس کے لیے صرف اور صرف ایڈمیشن لیٹر دکھانا ہوتا ہے اور کوئی ٹھوس وجہ بتانی ہوتی ہے۔

اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے یہ بتانا بھی کافی ہوتا ہے کہ آپ کو اس کی ضرورت ہے اور آپ اپنے گھر والوں کی کفالت کر رہے ہیں، یا جو شادی شدہ حضرات ہیں ان کو انہی وجوہات پر باآسانی اسکالرشپ دے دی جاتی ہے۔

وہاں موجود طالب علموں کے مطابق اٹلی میں بیرون ملک طالب علم کم ہیں اور اسکالرشپس زیادہ ہیں۔

اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کو کتنا مالی معاوضہ دیا جاتا ہے؟

وہاں موجود طالب علموں کے مطابق ریجنل اسکالرشپ میں 100 فیصد مکمل مالی معاوضہ دیا جاتا ہے، جس میں تعلیمی اخراجات، رہائش، کھانا پینا اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ سالانہ 7 ہزار یورو بھی دیے جاتے ہیں۔

رہائش کے لیے یونیورسٹی ہاسٹل دیا جاتا ہے اور کھانے کے لیے ایک کارڈ جاری کیا جاتا ہے جس میں دن اور رات کا کھانا شامل ہوتا ہے۔

اس اسکالرشپ کی معیاد 3 سال ہے اور ان 3 سالوں میں طالب علموں کو تقریباً ہر چیز مفت مل جاتی ہے یہاں تک کہ پارٹ ٹائم جاب (یعنی جز وقتی ملازمت) بھی کرنے کی سہولت دی جاتی ہے۔

اٹلی کے اندر کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ مل جائے تو وہاں یہ اسکالرشپ باآسانی حاصل کی جاسکتی ہے۔

اٹلی کے ہر ریجن میں الگ الگ اسکالرشپ ہوتی ہیں، لیکن تمام علاقوں میں سب کا ایک ہی معاوضہ ہوتا ہے جو 7 ہزار یورو (پاکستانی 21 لاکھ روپے) ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق اٹلی نے طالب علموں کے لیے میچی کے نام سے ایک نئی اسکالرشپ جاری کی ہے جس کے تحت اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو ہر مہینے 900 یورو (تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے) دیے جائیں گے۔

پالیسی کے مطابق اٹلی کے اندر وہاں کا پاسپورٹ 10 سال کے اندر مل جاتا ہے اور پرمننٹ ریزیڈنس (پی آر) 5 سال کے اندر ملتی ہے اور اگر اچھی نوکری مل جائے تو باآسانی فیملی کو بھی یہاں لایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی میں کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے لیے جو فارم حاصل کیا جاتا ہے اس کی کوئی فیس نہیں لی جاتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp