ذکا اشرف نے ’بی سی سی آئی‘ کے سیکریٹری جے شاہ کو پاکستان آنے کی دعوت دیدی

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

دونوں سربراہان کی ملاقات آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ہوئی۔ اور یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں رواں برس کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ کرکٹ تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔ ملاقات کے دوران ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دیدی۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو جے شاہ کی جانب سے ورلڈ کپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کر لی۔ دونوں بورڈ عہدیداروں نے کرکٹ کے روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔

ذکا اشرف نے جے شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔

ذکا اشرف نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی احسان مزاری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آتا تو ہمیں بھی بھارت نہیں جانا چاہیے اور ہائبرڈ ماڈل پر بات کرنی چاہیے۔

دوسری جانب اس اہم معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو اس حوالے سے فیصلہ کرے گی کہ پاکستان کو بھارت کو بھارت جا کر کھیلنا چاہیے یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp