توشہ خانہ کیس، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

بدھ 12 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی حاضری سے استثنا کی درخواست آخری مرتبہ منظور کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کی۔ دورانِ سماعت شکایت کنندہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک، الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نیاز اللّٰہ نیازی پیش ہوئے۔

عدالتی استفسار پر عمران خان کے وکیل نے نیاز اللّٰہ نیازی نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی ہے لہذا پہلے عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دیں گے۔

جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 7 ماہ سے کیس التواء کا شکار ہے۔ کبھی ایسا دیکھا ہے کہ 7 ماہ سے کیس زیر سماعت ہو اور ملزم صرف ایک بار عدالت میں پیش ہوا ہو۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ توشہ خانہ کیس کے دونوں گواہان عدالت پہنچ چکے ہیں۔

جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی بنیاد پر حاضری سے استثنا منظور کیا جاتا ہے، ساڑھے 11 بجے تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ جمع کرائیں۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آخری بار منظور کی جارہی ہے، کل سے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان ریمارکس کے ساتھ عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد  کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپی عدالت میں جمع کروا دی گئی، تحریک انصاف کے وکیل گوہر علی خان نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کاز لسٹ منسوخ ہوگئی ہے اور درخواست کل کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

آپ کے رویہ کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتاہوں، جج ہمایوں دلاور

ایڈیشنل جج ہمایوں دلاور اور تحریک انصاف وکیل شیر افضل مروت کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ایڈیشنل جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس میں کہا کہ ہم آج آپ کی کوئی بات نہیں سن رہے کل دیکھا جائے گا۔

ایڈیشنل جج ہمایوں دلاور نے تحریک انصاف کے وکیل شیرافضل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس طرح نہیں کر سکتے، لگتا ہے آپ کو اسی مقصد کے لیے لایا گیا ہے، آپ کے رویہ کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتاہوں۔

وکیل شیر افضل نے جج ہمایوں دلاور کو کہا کہ میں اگر آپ کو کہوں کہ اپ کو کسی مقصد کے لیے عدالت میں لایا گیا ہے، شیر افضل کے جج ہمایوں دلاور کو جواب دینے پر وکیل گوہر علی خان نے  وکیل شیر افضل مروت کو کندھے پر تھپکی دے کر کمرہ عدالت سے جانے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اب اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

تحریک انصاف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہفتے کا دن سماعت کے لیے مقرر کر دیا جائے  کیوں کہ کل سارا دن ہائیکورٹ میں لگے گا۔

عدالت نے تحریک انصاف کی استدعا مسترد کر دی اور سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس کو قابلِ سماعت قرار دینے کا ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کا فیصلہ عمران خان نے گزشتہ روز ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

اپنی درخواست میں انہوں نے 8 جولائی کا سیشن کورٹ کی جانب سے توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت قرار دیے جانے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp