وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ ارب امارات نے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سے قبل سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع کرائے تھے جس سے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم ، آرمی چیف اور اپنی طرف سے متحدہ ارب امارات کی قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے وعدے پر عملدرآمد کیا جو انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کیا تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ جولائی کے آخر تک پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 14 سے 15 ڈالر تک پہنچ جائیں اورہم اپنا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ جو لوگ یہ راگ الاپتے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا ان کو مایوسی ہوئی، پاکستان انشااللہ دنیا میں اپنا ایک مقام ضرور حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان 24 ویں معیشت بن چکا تھا مگر سیاسی تماشے کی وجہ سے 47ویں معیشت بن کر رہ گیا۔ اب ہم ریکور کرتے ہوئے واپسی کی طرف آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے بیرونی ادائیگیوں میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں کی گئی، جب ہم حکومت میں آئے تو بے شمار ادائیگیاں کرنی تھیں اور یہی وجہ تھی ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر کم ہوئے۔