آئی ایم ایف نے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے، اسحاق ڈار

جمعرات 13 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ آئی ایم ایف کی جانب سے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو چکے ہیں جبکہ 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کی بقیہ رقم آئی ایم ایف کی 2 جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو منتقل ہو جائے گی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ رواں کاروباری ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگا، اسٹیٹ بینک کاروباری ہفتے کے اختتام پر اسکے اعداد وشمار جاری کر دے گا۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام 9 ماہ کا ہے، اس دوران پاکستان کو 3 ارب ڈالر منتقل کیے جائیں گے، اس رقم کی بدولت ہم اپنی بیرونی ادائگیاں وقت پر کر سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے بعد ہم اپنی معیشت کو ایک درست سمت پر لے جا سکیں گے، 14 جولائی تک ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر 13 اور 14 بلین ڈالرز تک پہنچ جائیں گے۔

انکا مزید کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی مںظوری کے لیے وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں یہ سب انکے دورہ پیرس کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی رقم منتقل کر دی

اس سے قبل آئی ایم ایف معاہدے کے مکمل ہونے کے بعد دوست ممالک جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں نے بھی وعدے کے مطابق رقم منتقل کر دی۔

متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے جبکہ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع کرائے تھے۔

رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ امید ہے جولائی کے آخر تک پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 14 سے 15 ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے تاکہ ہم اپنا ٹارگٹ حاصل کر لیں۔

انہوں نے کہاتھا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان 24 ویں معیشت بن چکا تھا مگر سیاسی تماشے کی وجہ سے 47ویں معیشت بن کر رہ گیا ہے۔ اب ہم ریکور کرتے ہوئے واپسی کی طرف آ رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے رقم موصول ہونے کی تصدیق کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ایم ایف، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ورلڈ بینک سے رقم موصول ہونے کی تصدیق کردی، اسٹیٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے بھیجے جانے والے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر سرکاری خزانے میں جمع ہوگئے ہیں، سعودی عرب سے 2 ارب اور متحدہ ارب امارات سے 1 ارب ڈالر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں شامل ہوچکے ہیں جبکہ ورلڈ بینک سے بھی 10 کروڑ ڈالر ترقیاتی پیکج کیلئے موصول ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 3 روز میں 4 ارب 30 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp