زرمبادلہ ذخائر جولائی میں ہی 14 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے: اسحاق ڈار

پیر 3 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے پُر امید تھا اور بالآخر ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر جولائی میں ہی 14 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر جولائی میں ہی لینے ہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 4 ارب ڈالر تک رہنے کی توقع ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جو بھی نئی حکومت آئے گی اس کے لیے دسمبر تک کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ اب ہمیں اپنی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کے ساتھ مالیاتی نظم و ضبط کو اپنانا ہوگا۔ پی آئی اے کو سالانہ 70 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی 24 ویں معیشت بننے جا رہا تھا مگر بدقسمتی سے آج 47ویں معیشت بن گیا ہے۔ اس کی تحقیقات ہونی چاہییں کہ ملک کو کس نے اس حالت میں لا کھڑا کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں ساڑھے 3 سے 4 روپے فی یونٹ اضافہ ہو گا کیوں کہ یہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے۔ میں آنے والے دنوں میں مہنگائی کو نیچے جاتا دیکھ رہا ہوں۔

نواز شریف کو جب پارٹی کہے گی وطن واپس آ جائیں گے

وزیر خزانہ نے کہا کہ نواز شریف کو پارٹی جب بھی کہے گی وہ وطن واپس آ جائیں گے۔ نااہلی کو 5 سال کا عرصہ گزر چکا ہے نواز شریف اب الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف واپس آ کر الیکشن میں حصہ لیں گے اور ہماری خواہش ہے کہ وہ ایک بار پھر وزیراعظم بنیں کیوں کہ وہ ایک لیڈر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp