الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی ذاتی مصروفیات کے باعث سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ آئندہ سماعت ضلعی کچہری کی نئی عمارت میں کی جائےگی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرنیوالے وکیل سعدحسن نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے وکیل امجدپرویز نے دلائل دینا تھے تاہم وہ ذاتی مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے لہذا سماعت کل تک ملتوی کردی جائے۔
اس موقع پر جج ہمایوں دلاور نےکہا کہ ایف ایٹ میں واقع کچہری کل ڈی سی آفس کے نزدیک نو تعمیر شدہ عمارت میں منتقل ہورہی ہے لہذا کل نئی کچہری میں سماعت مقرر کر لیتےہیں۔ تاہم الیکشن کمیشن کے وکلا نے مشاورت کے بعد عدالت سے پیر تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل گوہرعلی خان سے مخاظب کرتے ہوئے جج ہمایوں دلاور نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم دستیابی اور ضلعی عدالت کی نئی عمارت میں منتقلی کے باعث مقدمہ کی سماعت پیر تک ملتوی کررہے ہیں۔
جس پر گوہرعلی خان نے کہا نئی کچہری میں نئے ماحول میں سماعت ہوگی، گڈ ٹو سی یو ان نیو کچہری ۔
عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین کو پیر 17 جولائی 11 بجے دن عدالت طلب کرلیا ہے۔