افواج پاکستان کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی )کے کمانڈر جنرل حسین سلامی سے ملاقات کی ہے جس میں جنرل حسین سلامی نے پاکستان اور ایران کے مشترکہ سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق جنرل حسین سلامی جنرل عاصم منیرکے ساتھ ملاقات میں زور دے کر کہا کہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستانی افواج کے ساتھ بات چیت، تعاون اور مشترکہ اقدامات کو وسعت دے کر دہشت گرد گروہوں کا وجود ختم کر نے کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ ایرانی افواج مشترکہ سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
مزید پڑھیں
جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ یہ خطہ ہمیشہ بین الاقوامی سیاسی قوتوں کے زیر اثر رہا ہے اور یہاں اس خطے میں ایسی طاقتیں موجود ہیں جو مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو برداشت نہیں کرتیں۔
ارنا کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیرنے اپنے دورہ ایران پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
جنرل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مشترکہ سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان آرمی چیف نے جنرل حسین سلامی کو بتایا کہ پاکستان اور ایران کو ہمسایہ ممالک ہونے کے ناطے موجودہ صورتحال سے نمٹنے اور باہمی مفادات کے دیگر شعبوں میں پیشرفت کے لیے موزوں ترین حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے اس حوالے سے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
’ارنا‘ نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کے فوجی سربراہ اور ایران کے پاسداران انقلاب کے سربراہ کے درمیان ملاقات انٹیلی جنس، تعلیمی، فوجی، اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرحدوں پر عدم تحفظ کے رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے راہیں تلاش کرنے کے لیے کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ اس ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کو مزید مضبوط کرنا تھا۔
اس سے قبل پاکستانی فوج کے سربراہ سید عاصم منیر نے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد کے ہمراہ ہفتہ کی صبح تہران میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے دونوں ہمسایہ ممالک کے تاریخی پس منظر حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں خصوصاً فوجی تعاون میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
واضح رہےافواج پاکستان کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر جمعہ کو 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے جہاں وہ اپنی موجودگی کے دوران ایران کی مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے کہ پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر کا ایران کا یہ پانچواں بیرون ملک دورہ ہے۔ اپریل میں انہوں نے دوطرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین کا سرکاری دورہ کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور برطانیہ کا بھی دورہ کیا۔
جنرل منیر نے فروری میں برطانیہ کی وزارت دفاع کی دعوت پر سٹریٹجک سیکیورٹی کے امور پر بات چیت کے لیے برطانیہ کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ایران کے ساتھ عراق کے بعد سب سے طویل مشترکہ سرحد ہے جس کی زمینی سرحد 900 کلومیٹر سے زیادہ ہے۔