قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف سویڈن میں نوجوان کا منفرد احتجاج

اتوار 16 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر تورات اور انجیل کو نذر آتش کرنے کی اجازت ملنے کے بعد 32 سالہ مسلمان نوجوان نے عین اس وقت تورات اور انجیل کو جلانے سے انکار کردیا جب بڑی تعداد میں میڈیا نمائندے اور شہری وہاں جمع ہوگئے۔

شامی نژاد سویڈش شہری احمد الوش نے آسمانی کتابوں کو نذر آتش کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ احتجاج کا مقصد قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آواز اٹھانا تھا، کسی بھی آسمانی کتاب کو نذر آتش نہیں کرنا چاہتا ہوں، اور یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی ان آسمانی کتابوں کی بے حرمتی نہ کرے۔

بشکریہ عرب ٹی وی

عرب نیوز کے مطابق سویڈین پولیس کی جانب سے تمام مذہبی کتابوں کو نذرآتش کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس کے بعد مسلمان نوجوان نے اسٹاک ہوم میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کی اجازت لی اور اس احتجاج میں توریت اور انجیل نذرآتش کرنے کا اعلان کیا، جس کی اسرائیل کی جانب سے مذمت بھی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اجازت لینے کے بعد نوجوان احمد الوش اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے پہنچے اور انہوں نے توریت اور انجیل نذرآتش نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پاس موجود لائٹر پھینک دیا اور کہا کہ مجھے یہ کام کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے کیونکہ میں مقدس آسمانی کتابوں کو نذرآتش نہیں کروں گا بلکہ کسی اور کو بھی ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ احتجاج کا مقصد قرآن پاک اور دیگر آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کے خلاف آواز اٹھانا تھا، میرا یہ پیغام ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو یہ کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

احمد الوش نے کہاکہ میرا مقصد ان تمام لوگوں کو یہ پیغام دینا تھاکہ آزادی اظہارکی حدود ہوتی ہیں، معاشرے میں ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا چاہیے ناکہ مذہبی کتابوں کو جلا کر دلوں میں نفرتیں پھیلانی چاہیے۔

بشکریہ عرب ٹی وی

واضح رہے سویڈن میں حالیہ ہونے والے احتجاج کے نام پر قرآن پاک کی بے حرمتی کے 2 واقعات ہوئے، ایک واقعہ عین عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر پیش آیا جس میں قرآن پاک کو نذر آتش کیا گیا۔

سویڈش انتظامیہ سے اجازت لینے کے بعد مقامی پولیس کی سخت سکیورٹی میں ایک عراقی شہری نے مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی، جس پر دنیا بھر میں مسلمان آج بھی سراپا احتجاج ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp