چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ کی تحقیقات کے لیے قائم قومی احتساب بیورو( نیب) کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے آج چیئرمین تحریک انصاف کو طلب کیا تھا، نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ ثبوتوں اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں توشہ خانہ انکوائری انویسٹی گیشن میں تبدیل کردی گئی ہے۔
نوٹس میں چیئرمین تحریک انصاف کو نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معزرت کر لی ہے اور کہا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے باعث آج پیش نہیں ہو سکتے، پیشی کے لیے 19 جولائی کی تاریخ مقرر کی جائے، 19 جولائی کو نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا۔
توشہ خانہ کیس کا پس منظر
گزشتہ برس اگست میں 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔
ریفرنس میں آرٹیکل 62 (ون) (ایف) کے تحت عمران خان نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔