بغیر ہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والے کو 5ہزار جرمانہ کیا جائے، لاہور ہائیکورٹ

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے بغیرہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والے شہریوں کو 5 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

پنجاب میں سموگ کے حوالےسے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ہیلمنٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل ڈرائیوروں کو جرمانہ کرنے کے لیے رولز بنائیں، عدالت ان رولز پر عمل درآمد کے لیے حکم جاری کردے گی۔

عدالت کی جانب سے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے رولز بنا کر بغیر ہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والے شہری کو 5ہزار روپے جرمانہ کریں، خلاف ورزی کرنے والے شہری خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے۔

عدالت نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس پہلے 10 دن ہیلمٹ کی تشہیر کرے اور شہریوں کو آگاہی دے، پھر رولز بنائے۔

واضح رہے کہ ٹریفک پولیس نے پنجاب بھر میں موٹر سائیکل چلانے والوں کو ہلمنٹ پہننے کا پابند بنانے کے لیے کئی روز سے مہم شروع کر رکھی ہے، پٹرول پمپس پر ہدایات جاری کی گئی ہیں بغیرہلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والے کسی بھی شہری کو پٹرول نہ دیا جائے۔

دوسری جانب بغیر ہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والے شہریوں کو ٹریفک پولیس چالان بھی کر رہی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 1 لاکھ سے زائد شہریوں کے چلان کیے گئے ہیں جنہوں نے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہلمنٹ نہیں پہنا تھا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 484 اموات ہوئیں جن میں سے 70 فیصد اموات موٹر سائیکل سواروں کی ہوئیں، جاں بحق ہونے والے 70 فیصد موٹر سائیکل سواروں میں سے بھی 70 فیصد ایسے افراد تھے جنہوں نے ہلمنٹ نہیں پہنا تھا اور سر پر چوٹیں لگنے سے ان کی موت ہوئی۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہماری جانب سے ہلمنٹ کی پابندی پر سختی کی وجہ سے اب شہری ہلمنٹ پہننے لگے ہیں، ہلمنٹ کے حوالے سے سختی کرنا ٹریفک پولیس کے اپنے فائدے کے لیے نہیں بلکہ موٹر سائیکل چلانے والوں کی حفاظت کے لیے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp