بیوی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے پر شوہر کو جیل کی ہوا کھانی پڑگئی

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تائیوان میں ایک شخص کو اپنی بیوی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کر نے کے جرم میں 3 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

تائیوان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ’ژاؤ‘ نامی شخص سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر اپنی بیوی کی رازداری کو توڑنے اور اس کا اکاؤنٹ ہیک کرنے میں قصوروار پایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال مئی میں تائیوان کے چیائی شہر میں گھریلو تنازع پر ’ژاؤ‘ کی بیوی نے اپنا گھر چھوڑ دیا اور اس کی بیٹی کو بھی اپنے ساتھ لے گئی۔

’ژاؤ‘ کی بیوی جس کی شناخت ’یو‘ کے نام سے ہوئی، نے اپنے شوہر کی کالیں سننا بند کر دیں اور اس سے تمام رابطے منقطع کر دیے۔

جس کے بعد ژاؤ اپنی بیوی کے فیس بک اکاؤنٹ کو ہیک کر کے اپنی بیٹی اور ساس کو پیغام بھیجتا رہا۔ پیغام میں اس نے اپنے رویے کے لیے معافی مانگی اور ان سے تنازع حل کرنے کے لیے مدد طلب کی۔

تائپے کی عدالت کو بتایا گیا کہ اس شخص نے اپنی بیٹی اور ساس سے رابطہ کرنے کے لیے اپنی بیوی کے اکاؤنٹ کو 31 مئی اور یکم جون کو 2 بار لاگ ان کیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اس نے اکاؤنٹ کیوں ہیک کیا۔

جب اس کی بیوی کو معلوم ہوا کہ اس کے شوہر نے اس کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا ہے تو اس نے مبینہ طور پر اس کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کر دیا۔

عدالت نے اس کے بعد فیصلہ دیا کہ افراد شادی کے بعد پرائیویسی کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوتے۔ عدالت نے ’ژاؤ‘ پر اپنی بیوی کے اکاؤنٹ کو اس کی رضامندی کے بغیر استعمال کرنے اور ڈیجیٹل ریکارڈ کو تبدیل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے 3 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔

’ژاؤ‘ نے جب اعتراف جرم کیا تو اسے تائیوان کے ضابطہ فوجداری کے تحت ‘کمپیوٹر سیکیورٹی کے خلاف جرائم’ کا مجرم قرار دے دیا۔

تاہم عدالت نے ژاؤ کو 1 ہزار تائیوانی ڈالر تقریباً 25 برطانوی پاؤنڈ روزانہ ادا کر کے اپنی سزا کے دورانیے کو کم کرنے کا اختیار بھی دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp