نوشہرہ: گھریلو ناچاقی سے تنگ خاتون کا 3 بچوں کے ہمراہ انتہائی اقدام

منگل 18 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں مبینہ گھریلو ناچاقی سے تنگ ا کر خاتون نے 3 بچوں سمیت دریا میں چھلانگ لگا دی، مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بچا لیا مگر بچے دریا میں ڈوب گئے۔

ریسکیو 1122 نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ خیر آباد سر پل کے مقام پر پیش آیا جس کی اطلاع مقامی افراد نے دی۔

ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ مقامی افراد کے مطابق خاتون نے پہلے بچوں کو دریا میں پھینکا اور پھر خود بھی چھلانگ لگا دی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے غوطہ خور اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آپریشن شروع کر دیا۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق مقامی افراد نے بر وقت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت خاتون کو بچا لیا جسے ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔

دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 3 بچوں میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی جبکہ 2 کی تلاش جاری ہے، ریسکیو ترجمان کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمریں 3 سے 6 سال کے درمیان ہیں۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق انہیں جو ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اس کے مطابق خاتون نظام پور کے علاقے سے تعلق رکھتی ہے جس نے گھریلو لڑائی جھگڑوں سے تنگ آ کر انتہائی اقدام اٹھایا۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp