پشاور، ریگی چیک پوسٹ پر حملہ میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

جمعرات 20 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور کے علاقے ریگی میں پولیس چیک پوسٹ حملے میں شہید 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں گورنر غلام علی،آئی جی پولیس اخترحیات اور چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری سمیت دیگر عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

نماز جنازہ سے قبل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی بھی پیش کی۔

آئی جی پولیس اختر حیات کے مطابق گزشتہ رات ریگی ماڈل ٹاؤن چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے،دونوں شہید اہلکاروں کے سر پر گولی ماری گئی۔

آئی جی پی اختر حیات کا کہنا ہے کہ پہلے بھی دہشت گردوں کو ٹریس کر کے کیفر کردار تک پہنچایا ہے، اب بھی کیفرکردار تک پہنچائیں گے، ایف سی گاڑی پر حملے میں اہم پش رفت ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پہلے تھانوں اور چوکیوں پر حملہ آور ہوتے تھے، گزشتہ شب ایک معمول کا پولیس ناکہ تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے حیات آباد کے کے فیز سکس میں ایف سی کی گاڑی پر خود کش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ خود کش حملہ آور مارا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp