وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
جمعہ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر یوسفزئی نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ کے ترجمان پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر کو جھوٹا قرار دیا ہے۔ اپنی سیاست چمکانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے سائفر کا ڈرامہ رچایا۔ اقتدار کے خاطر ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سائفر پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔ قومی اسمبلی میں آئینی عمل کو روکنے کے لیے جھوٹا بیانیہ بنایا۔
بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سنگین غداری کے مرتکب ہوئے ہیں وہ ٹک ٹاکر بننے کے قابل تھے وزیراعظم بننے کے قابل تھے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو لاڈلہ نہ بنائے۔