محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار سمیت پنجاب، شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع کی جارہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد
محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دارلحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ موسلادھار بارش کی بھی توقع کی جارہی ہے۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ مالاکنڈ، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چترال، کرم، لکی مروت، کوہاٹ، ڈی آئی خان، بنوں، کرک اور وزیرستان میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر سیاحتی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
مزید پڑھیں
پنجاب میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، قصور ، میانوالی، سرگودھا، میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، بہاولنگر، اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان، میں بھی آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں راجن پور، ملتان، خانیوال، وہاڑی، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور رحیم یار خان میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی گئی ہے۔
لاہور میں بارش کا سلسلہ جاری
لاہور میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے، صبح سویرے شہر بھر میں بادل چھائے رہے جس کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ بھی ظاہر کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں تیز آندھی اور بارشیں
محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں کوہلو، ژوب، موسیٰ خیل، قلات، خضدار، سبی، با رکھان میں چند مقامات پر آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دیگر علاقوں جن میں لورا لائی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ اور کیچ شامل ہیں جہاں محکمہ موسمیات نے آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ با رکھان، قلات، خضدار، لسبیلہ اور گردنواح میں موسلا دھار بارش کی بھی توقع کی گئی ہے۔
سندھ میں طوفانی بارش کا امکان
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے علاقے تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، میر پور خاص، مٹھی، پڈعیدن، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدر آباد اور دادو میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
سندھ کے دیگر علاقے جامشورو، جیکب آباد، خیر پور، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں بھی آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
کشمیر میں چند مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم خوشگوار
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
عوام کے لیے حفاظتی تدابیر
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کسانوں اور سیاحوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کسان موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کاشتکاری کریں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ محتاط رہیں تاکہ موسم برسات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
آندھی اور گرج چمک ڈھیلے ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے جیسے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ، لہذا ان سب چیزوں سے محتاط رہیں۔
نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ آندھی طوفان، موسلا دھار بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔