لاہور: بارش سے ندیاں نالے بپھر گئے، 17 سالہ لڑکا ڈوب گیا، ایک نوجوان زخمی

ہفتہ 22 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد مقامات پر نشیبی علاقے زیر آب آگئے، دو موریہ پل کے نیچے کھڑے پانی میں 17 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق اور رائیوینڈ میں مکان کی چھت گرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔

لاہور میں موسلادھار بارش نے شہر کا نظام درھم برھم کر دیا، موسلادھار بارش نے ضلعی انتظامیہ، اور وزیر اعلٰی کی دوڑیں لگوا دیں، مختلف علاقوں میں نکاسی کا نظام موجود نہ ہونے کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

وزیر اعلٰی کے دورے

نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں قذافی سٹیڈیم، لبرٹی، مین بلیوارڈ گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقے شامل ہیں، شہر کی صورت حال کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ، واسا، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کو صورت حال پر قابو پانے کے لیے جلد از جلد اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہاکہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں، ڈی واٹرنگ پمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے افسران خود فیلڈ میں رہیں۔

ضلعی انتظامیہ متحرک

ڈپٹی کشمنر لاہور محمد علی رندھاوا نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، مال روڈ، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، نابھہ روڈ، اور انارکلی کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے بتایاکہ شہرمیں ابتک 178 ملی بارش ہو چکی ہے، لاہور کے اکثر علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی ہے۔ نشیبی علاقوں اور مین روڈز سے  نکاسی آب کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

واسا، ایل ڈی اے اور سی بی ڈی کی خصوصی ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں میں متحرک ہیں۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے مال روڈ، الحمرا کے اطراف، گورنر ہاؤس، ایوان اقبال میں صورت حال کا جائزہ لیا، ڈی سی لاہور کا لکشمی چوک ایمرجنسی کیمپ، قرطبہ چوک ایمرجنسی کیمپ کا بھی دورہ کیا گیا، ڈی سی لاہور نے ایمرجنسی کیمپس پر موجود مشینری اور عملہ کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلٰی محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے لکشمی چوک کا دورہ کیا، بارشی پانی کے نکاس کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ واسا حکام جلد از جلد نکاسی آب کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش / پی ڈی ایم اے الرٹ

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی، ڈی جی عمران قریشی نے کہاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کوہدایت کرتے ہوئے کہاکہ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں۔ شہری مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی سپروائزری افسران کو بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ پنجاب پولیس ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے کنٹرول رومز سے بھی بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، سی پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں جاکر ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مزید بارش کے امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔

دریائے راوی سے دور رہنے کی ہدایت

دریائے راوی میں پانی کی بڑھتی سطح، مسلسل بارشیں، ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا، ضلعی انتظامیہ نے راوی کنارے ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی، شہری دریا پر نہانے، کشتی رانی یا کسی بھی مقصد کے لیے مت جائیں۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دریا کنارے بسنے والے اپنے خاندان اور جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کریں، پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، مشکل کی گھڑی میں عوام کے تعاون سے ہی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

’عوام کی جان کے تحفظ کے پیش نظر شہر بھر میں بارشی پانی یا دریا میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔‘

پنجاب کے دریاؤں، ڈیمز اور براجز کی صورت حال

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایاکہ پنجاب کے دریاؤں، ڈیمز اور براجز میں پانی کے ان اور آوٹ فلو کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے سندھ  میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 4 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 64 ہزار 200 ہے۔

دریائے سندھ میں میں کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 76 ہزار 327 اور اخراج 2 لاکھ 68 ہزار 828 ہے۔

دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 64 ہزار748 اور اخراج 3 لاکھ 60 ہزار 858 ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،

مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 60 ہزار 36 اور اخراج 1 لاکھ 11 ہزار 36 ہے۔

دریائے راوی میں جسر کے مقام پر پانی کی آمد 43 ہزار 80 اور اخراج بھی 43 ہزار 80 ہے۔

شاہدرہ کے مقام پر پانی کی آمد 26 ہزار 711 اور اخراج بھی 26 ہزار 711 ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ ستلج راوی اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، تمام دریاؤں، براجز، ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کنٹرول روم سے پنجاب میں تمام ترصورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے بتایاکہ دریاؤں اور ندی نالوں سے منسلک آبادیوں کے انخلاء کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انتظامیہ منتقل افراد کی بنیادی ضروریات کا بھرپور خیال رکھے۔

مسلم ٹاون کنال روڑ پر گڑھے

لاہور میں مسلسل کئی گھنٹوں تک ہونے والے بارش کے نتیجے میں مسلم ٹاون کنال روڑ پر 3 گڑھے پڑ گئے، جب کہ ‏لاہور جنرل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں پانی چلا گیا۔  ‏اس سے قبل سروسز ہسپتال میں بارش کے باعث جنریٹر بند ہوئے اور آپریشن تعطل کا شکار رہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp