پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد فرخ فرید بلوچ کا فیصلہ حق اور صداقت کی فتح ہے۔عدل کے دونوں ایوانوں نے اپنے فیصلوں کے ذریعے ریاست کو جھنجھوڑا ہے۔
ترجمان کے مطابق کوئی ابہام باقی نہیں کہ 9 مئی کے واقعات کا چیئرمین عمران خان یا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔ثابت ہوچکا کہ ہائیکورٹ سے غیرقانونی اور غیرآئینی گرفتاری کے ذریعے عمران خان اور تحریک انصاف کو 9 مئی کی سازش کا نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے واضح فیصلوں کے بعد 9 مئی کی سازش کی آزادانہ اور اعلیٰ سطحی تحقیقات اہم ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف کم و بیش 180 مقدمات اسی طرح جعلی اور انتقام پر مبنی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وقت آگیا ہے کہ بیجا نفرت و انتقام کو ترک کرکے ریاست اپنی ترجیحات ازسرِ نو مُرتّب کرے۔ تحریک انصاف کو کچلنے اور چیئرمین سمیت اس کے کارکنان اور ذمہ داران کو نشانۂ انتقام بنانے کی بجائے آئین، جمہوریت اور بنیادی حقوق کو بحال کیا جائے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کیخلاف جعلی مقدمات پر جاری کارروائیاں روک کر جیلوں میں بدترین حالات میں قید مرد و خواتین سیاسی قیدی فوری رہا کئے جائیں۔ جھوٹے اور جعلی مقدمات میں عدالتوں کا وقت اور ریاستی وسائل ضائع کرنے کی بجائے نظامِ عدل کو مؤثر بنانے کی فکر کی جائے۔