پاکستانی خاتون سیما محبت سے شادی کرنے لیے بچوں سمیت انڈیا پہنچ گئی وہیں انڈیا کی 35 سالہ خاتون پاکستان کے دیر سے تعلق رکھنے والے لڑکے کو دل دے بیٹھی اور محبت کی خاطر دیر پہنچ گئی۔
انڈیا سے ہندو خاتون دیر بالا پہنچنے کی خبر پر پولیس کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ دیر بالا کے پولیس افسر جاوید خان نے وی نیوز کو بھارتی خاتون کی پاکستان دیر بالا پہنچنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ کہ خاتون محبت کی خاطر آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے خاتون کی شناخت 35 سالہ انجو کے نام سے کی ہے، جو اتر پردیش کی ہے اور دہلی میں رہائش پذیر ہے۔ پولیس کے مطابق انجو کی دیر بالا کے رہائشی نصیراللہ ولد گل مولا سے فیس بک پر دوستی تھی اور اسی سے ملنے آئی ہے۔

پولیس افسر جاوید خان نے بتایا کہ انڈین خاتون کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور لڑکی اور میزبان سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انجو وزٹ ویزہ پر پاکستان آئی ہے۔ اور محکمہ داخلہ نے باقاعدہ این او سی جاری کیا ہے۔ مزید بتایا کہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ وزٹ ویزہ پر پاکستان گھومنے آئی ہے اور 30 دن کا ویزہ ہے۔
پولیس افسر جاوید خان کے مطابق انجو نے محبت اور شادی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا اور کہا کہ ویزہ ختم ہونے کے بعد وہ واپس جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ انجو کی جانب سے فراہم کردہ دستاویز کے مطابق وہ پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔ انجو فی الحال میڈیا کا سامنا نہیں کرنا چاہتی۔
پاکستان کی سیما حیدر کے انڈیا جانے اور وہاں سے انجو کے پاکستان آنے کے بعد بظاہر اسکور ایک ایک سے برابر ہوگیا ہے۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ انجو پاکستان میں مستقل شہریت اختیار کرتی ہے یا پھر ویزہ کی مدت مکمل ہونے کے ساتھ واپس انڈیا لوٹ جاتی ہے۔